تحریک انصاف کے حکمرانوں کا زوال شروع ہوچکا حکومت اپنی تباہی کی راہ پر گامزن ہے، آفتاب شیرپائو

اتوار 24 اکتوبر 2021 19:05

ھ*پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حکمرانوں کا زوال شروع ہوچکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی کے مرحوم رہنماء مرزا باچہ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے گل آباد دیر لوئر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے پارٹی کے مرحوم رہنماء مرزا باچہ کی سیاسی اور عوامی خدمات کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی گراں قدر خدمات کو پارٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری بحران حکمران اتحاد کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس بحران سے نمٹنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ گورنر سٹیٹ بنک کے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے حوالے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نااہلی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام ملک کی سالمیت کیلئے اچھا شگون نہیں ہے کیونکہ غیر یقینی صورتحال سے سرمایہ کار ملک میں آنے سے کتراتے ہیں۔

ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال کے حوالے انھوں نے کہا کہ حکومت اپنی تباہی کی راہ پر گامزن ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امریکہ اور چین کے ساتھ بھی تعلقات تنائو کا شکار ہے ۔انھوں نے کہا کہ عوام پہلے سے حکومت سے نالاں ہیں اور وہ مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکل چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب عوام حکمرانوں کوتختہ دار کے ایوانوں سے باہر دھکیل دیں گے کیونکہ ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں میں بے چینی اور اضطراب پایا جا تا ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں