خیبرپختونخوا سے پولیو وائرس کا تقریباخاتمہ کر دیا گیا ہے،، کامران بنگش

جولائی 2020 سے آج تک صوبہ میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہ آنا ہمارے اخلاص اور کامیابی کی واضح دلیل ہے،معاون خصوصی برائے اطلاعات

اتوار 24 اکتوبر 2021 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش کا دعویٰ ہے کہ ضم اضلاع سمیت پورے خیبرپختونخوا سے پولیو وائرس کا تقریباً خاتمہ کر دیا گیا ہے جس پر یہاں کے لوگ اور حکومت یکساں طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں پولیو کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے خطاب کر رہے تھے ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے اس خاص جائزہ اجلاس میں وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر محنت شوکت یوسفزئی اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش کے علاؤہ رکن صوبائی اسمبلی رابعہ بصری، ڈویڑنل کمشنرز، پولیس، محکمہ صحت، روٹری انٹرنیشنل اور ایمرجینسی آپریشن سنٹر سمیت دیگر کئی متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی کامران بنگش نے اس موقع پر واضح کیا کہ صحتمند پاکستان وزیراعظم عمران خان کا وڑن اور وزیراعلیٰ محمود خان کی زیرقیادت موجودہ صوبائی حکومت کا عزم ہے اس مقصد کیلئے خیبرپختونخوا بھر میں انسدادپولیو کی مہمات کو موثر بنا دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جولائی 2020 سے آج تک صوبہ میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہ آنا ہمارے اخلاص اور کامیابی کی واضح دلیل ہے۔

(جاری ہے)

کامران بنگش نے اپنی حکومت کا یہ عزم دہرایا کہ پولیو کے مکمل خاتمہ تک ہم نے چین سے نہیں بیٹھنا ہم مزید محنت جاری رکھیں گے اور اگلے پندرہ ماہ میں عالمی ادارہ صحت کا وہ ٹارگٹ حاصل کر لیں گے جس کے تحت تین سال پولیو وائرس نمودار نہ ہونے والے کو پولیو فری ملک قرار دیدیا جاتا ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں جبکہ ہمارے بہادر پولیو ورکرز قوم کے محسن اور ہیرو ہیں کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ہائی رسک علاقوں سے بھی پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے جبکہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی عدم موجودگی بھی اہم سنگ میل ہے انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح رہا ہے اسی طرح یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ علماء کرام اور والدین نے بھی پولیو مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جبکہ کامیابی کا سفر جاری رکھنے کیلئے پولیو رضاکاروں کے ساتھ عوامی تعاون کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام اداروں نے مل کر پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور محنت سے کام کیا ہے قبائلی اضلاع سے پولیو کیسز کا سامنے نہ انا بھی خوش آئند ہے اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ پولیو کی مکمل بیخ کنی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات کو قومی اور عالمی سطح پر پذیرائی ملے گی جبکہ صوبائی حکومت اپنے اقدامات بدستور جاری رکھے گی حکومت نے اپنے سسٹم میں جو تبدیلیاں کرنی ہیں ضرور کرے گی شرکائے اجلاس نے اس سلسلے میں میڈیا کے تعاون اور کردار کو بھی سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں