بھارتی فوج کا ظلم کشمیریوں کو دبانے میں ناکام رہا، کامران بنگش

پیر 25 اکتوبر 2021 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر قابض افواج کے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے مگر انہیں دبانے اور آزادی کا نعرہ لگانے سے دستبردار کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں پیر کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اس سال بھی 27 اکتوبر کو ملک کے دوسرے حصوں کی طرح خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام بھی دنیا بھر میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ یوم سیاہ منائے گی کیونکہ اس روز بھارتی حکومت نے انسانی حقوق بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا اور معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے کا لامتناہی سلسلہ شروع کیا انہوں نے کہا کہ یہ دن پوری انسانی تاریخ کا سیاہ اور بدنما ترین دن بنا کیونکہ بھارتی فوج نے کشمیریوں کی آزادی سلب کرکے وہاں قتل و غارتگری کا بازار گرم کیا خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان نے پاکستانی قوم کے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ ہر مرحلے پر کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے جائے گی اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور حصول آزادی تک انکی مدد و نصرت قائم و دائم رہے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر کی حیثیت سے آزادی کشمیر کا کیس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے لیکر دنیا کے ہر فورم پر پوری ثابت قدمی سے لڑا ہے اور مسئلہ کشمیر کو پہلی بار صحیح معنوں میں عالمی سطح پر اجاگر کیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی آنکھوں سے آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے اور یہ اللہ تعالیٰ کا اپنے آزاد بندوں سے وعدہ بھی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں