صوبائی حکومت غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کیلئے تر جیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے،شوکت یوسفزئی

پیر 25 اکتوبر 2021 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت و انسانی حقوق شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سیف مائیننگ طریقہ کار پر عملدرآمد کرتے ہوئے صوبائی حکومت غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کیلئے تر جیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی کے فلور پر اپوزیشن ارکان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے بیشتر اقدامات اٹھارہی ہے اور اسی مد میں اب تک بارہ ہزار مزدوروں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ہر ضلع میں لیبر انسپکٹر موجود رہتے ہیں جو مزدوروں کے بیشتر مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ جاں بحق مزدوروںکی میتوں کوان کے آبائی علاقوں تک پہنچا نے کی سہولیات بھی مہیا کرتی رہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لیز ہولڈرز کو پابند بنا رہی ہے تا کہ مزدوروں کی تحفظ کو یقینی بنائی جاسکے۔صوبائی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا صوبے میں انضمام سے پہلے ایسے نا خوشگوار واقعات رونما ہوتے تھے جس میں اب خاطر خواہ کمی آئی ہے اور اس حوالے سے معاملات کو ٹھیک کرنے کیلیے مزید کام بھی جاری ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں