ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح دوبارہ 1 فیصد سے تجاوز کر گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 475 نئے کیسز اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں، کئی روز بعد پہلی مرتبہ مثبت کیسز کی شرح 1 فیصد سے تجاوز کی

muhammad ali محمد علی منگل 30 نومبر 2021 19:38

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح دوبارہ 1 فیصد سے تجاوز کر گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح دوبارہ 1 فیصد سے تجاوز کر گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 475 نئے کیسز اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں، کئی روز بعد پہلی مرتبہ مثبت کیسز کی شرح 1 فیصد سے تجاوز کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس نے ایک مرتبہ پھر سے سر اُٹھانا شروع کر دیا، مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 1.1 فیصد پر آ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 728 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 84 ہزار 840 ہوگئی۔ دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اومی کرون کا ایک بھی کیس ابھی تک رپورٹ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیح ان لوگوں کی کورونا ویکسینیشن ہے جنہیں اب تک ایک بھی ڈوز نہیں لگی ہے۔ جبکہ حکومت نے کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاو کے خدشات کے پیش نظر اہم فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے کل یکم دسمبر سے ملک بھر میں کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بوسٹر ڈوز کی مہم مرحلہ وار چلائی جائے گی۔

پہلے مرحلے میں ہیلتھ کیئر ورکرز، 50 سال کی عمر سے زائد والے افراد اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز دی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بوسٹر ڈوز لگوانے کے اہل افراد کو اپنی مرضی کی ویکسین کا انتخاب کرنے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ بوسٹر ڈوز لگوانے کیلئے سختی نہیں کی جائے گی، پہلے مرحلے میں ویکسین کی بوسٹر ڈوز کو لگوانا لازمی قرار نہیں دیا جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نےبھی کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاو کے خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات کا آغاز کر دیا۔ پنجاب میں یکم دسمبر سے گھر گھر ویکسی نیشن مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں