اقبال وزیر کا شمالی وزیرستان میں درپہ خیل سبزی منڈی کو اپگریڈ کرنے کا اعلان

لائٹس پول، ویٹنگ و واش رومز کی تعمیر اور ٹیوب ویل لگایا جائیگا، وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری محمد اقبال وزیر نے شمالی وزیرستان میں درپہ خیل سبزی منڈی کو اپگریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے میرانشاہ درپہ خیل سبزی منڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین، ضلعی انتظامیہ کے افسران، تاجر برادری اور عام شہری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اقبال وزیر نے سبزی منڈی میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا اور تاجروں و عمائدین سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی کا تفصیلی معائنہ کیا اور میسر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ منڈی کی بیوٹیفیکیشن کی ضرورت ہے جس کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اقبال وزیر نے کہا کہ وزیرستان میں کاروباری سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں اور حکومت تاجروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ علاقے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس سبزی منڈی سے کئی افراد کا روزگار وابستہ ہے لہذا اس میں تمام سہولیات کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔محمد اقبال وزیر نے کہا کہ سبزی منڈی کو اپگریڈ کرنے کے لیے رابطہ سڑک کو بہتر کیا جائے گا جبکہ منڈی کے اندر ڈرائیوروں و دیگر افراد کے لیے ویٹنگ رومز اور واش رومز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ اسی طرح انہوں نے منڈی میں روشنی کے لیے لائٹس پول اور پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ٹیوب ویل لگانے کا اعلان بھی کیا۔محمد اقبال وزیر نے تاجروں اور عمائدین کو منڈی سے متعلق تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا وزیرستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں