محکمہ آبپاشی کو موجودہ پانی کے وسائل کو بروئے کر لا کر فوڈ سیکورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کر نا چاہیئے،ارشدایوب خان

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی کو موجودہ پانی کے وسائل کو بروئے کر لا کر فوڈ سیکورٹی کے لئے اپنا کردار ادا کر نا چاہیئے ترقیاتی کاموں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے سمیت محکمے کی بہتری کے لئے بحیثیت ایک ٹیم ورک کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز محکمہ آبپاشی کی کمیٹی روم میں محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ آبپاشی نظام الدین، ایڈیشنل سیکرٹری واصل خان، ڈی جی سمال ڈیمز صاحبزادہ بشیر احمد، چیف انجینئر سائوتھ ، نارتھ اینڈ ضم شدہ اضلاع اور ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی نے صوبائی وزیر کو محکمہ کی تمام ذمہ داریوں اور ترقیاتی پورٹ فولیو سمیت جاری و نئی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے صوبائی وزیر نے تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ کا ایک مربوط نظام مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے محکمے کے حکام کو محکمہ آبپاشی کی پراپرٹی پر قائم تجاوزات کو ہٹانے ، لٹیگیشن سیکشن مزید مستحکم کرنے اور سیکرٹری آبپاشی کو بذات خود ضرورت پڑنے پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔

صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے پانی کے راستوں ، نہروں کے تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے بنانے گئے سنٹرلائزڈ میکینزم کو سراہا اور کہا کہ محکمے میں نا اہل اور بد عنوان عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ وہ بذات خود صوبے کے تمام بڑے منصوبوں کا دورہ کرینگے ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو واٹر ریسورس کمیشن اور ورسک ری ماڈلنگ پراجیکٹس پر ایک تفصیلی بریفنگ د ی گئی۔

اگلے ہفتے ورسک ری ماڈلنگ پراجیکٹس کا دورہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ ارشد ایوب نے حکام کو تمام منصوبے ڈونرز، ورلڈ بینک اور اے ڈی پی وغیر ہ کو دکھانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے محکمے میں تبادلوں و تعیناتیوں پر پابندی سمیت ضم شدہ اضلاع کے تمام منصوبوں کو خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے صوبے کے پانی کا حصہ استعمال کرنے کے لئے چشمہ رائٹ کینال پراجیکٹ اور فزیبلٹی پر کام تیز کرنے کے علاوہ موجودہ قوانین میں وقت کی ضرورت کے مطابق ترامیم کی بھی ہدایات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں