نئے پاکستان کے نام پر اذیت میں مبتلا عوام مزید جعلی نعروں کا شکار نہیں ہوں گے، میاں افتخارحسین

پیر 6 دسمبر 2021 23:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے نام پر اذیت میں مبتلا عوام مزید جعلی نعروں کا شکار نہیں ہوں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام جعلی تبدیلی کو رد کریں گے اور نااہل حکمرانوں سے ووٹ کی شکل میں اپنی محرومیوں اور مشکلات کا بدلہ لیں گے۔ تحصیل پبی میں بلدیاتی انتخابات مہم کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی شکل میں خیبر پختونخوا کے عوام پر نو سال اور پورے پاکستان کے عوام پر تین سال سے عذاب مسلط ہے۔

مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ پورے ملک باالخصوص صوبے میں بدامنی اور بیڈ گورننس عروج پر ہے۔ پورا ملک مالی اور انتظامی بحرانوں کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

نااہل حکمران عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی بجائے سیاسی مخالفین پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی ختم کرنے کے دعویداروں نے تین سال میں عوام کو زندہ رہنے کے قابل نہیں چھوڑا ہے۔

ماضی میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر بل جلانے والے آج قیمتوں میں اضافے پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوٹی دولت پاکستان واپس لانے والوں نے تین سال میں قرضے لینے کے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔ ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے اور ملک میں قیمتوں کا تعین بھی انکی مرضی سے کیا جارہا ہے۔ عوام سے ٹیکس وصول کرکے مالیاتی اداروں کی جیبیں بھری جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی لانے والوں سے عوام پوچھنا چاہتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریوں میں کتنے لوگوں کو نوکریاں ملی پچاس لاکھ گھروں میں کتنے گھر تعمیر ہوئے اور غریب عوام کے حوالے کئے گئے۔ وقت گزرنے کیساتھ تحریک انصاف کا ہر جھوٹ بے نقاب ہوتاجارہا ہے۔ عوام جان گئے ہیں کہ تبدیلی کے دعوے جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ دو دفعہ اقتدار پر مسلط رہنے کے باوجود آج بھی صوبے کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔

صوبے کے بجلی اور گیس کے خالص منافع کے اربوں روپے مرکز کے ذمہ واجب الادا ہیں۔ صوبے اور مرکز میں ایک ہی سیاسی جماعت کی حکومت ہے لیکن سب پختونوں کی حق تلفی پر خاموش تماشائی ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی سیاست کو عوام کی خدمت سمجھتی ہے اور صوبے کے عوام گواہ ہیں کہ اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں اے این نے خیبر پختونخوا کے عوام کی بے مثال خدمت کی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں تمام تر حربوں کے باوجود حکمرانوں کو شکست سے دوچار کرے گی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں