حکومت تمام وسائل کو انسانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کررہی ہے،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر

منگل 7 دسمبر 2021 00:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال بنوں میں 32بیڈزپر مشتمل گائنی کمپلیکس اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کڈنی سنٹر کا افتتاح کردیا۔ ہسپتال پہنچنے پر ایم ٹی آئی بورڈ کی چئرپرسن آسیہ جہانگیر اور بورڈ کے ارکان و انتظامیہ نے صوبائی وزیر کو خوش آمدید کہا اور ان کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور یہاں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ صحت کارڈ ہماری حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کے تحت صوبے کے تمام شہریوں کو صوبے اور ملک کے بہترین ہسپتالوں میں فی خاندان 10 لاکھ روپے تک علاج کی مفت سہولت میسر ہے۔

(جاری ہے)

حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تمام وسائل کو انسانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کررہی ہے۔

انہوں نے وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال بنوں میں گائنی کمپلیکس اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کڈنی سنٹر کے قیام کو نیک فال قرار دیا اور کہا کہ یہ علاقے کے لوگوں کی صحت کے لیے ایک نمایاں کامیابی ہے۔ صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان نے کہا کہ عمران خان کے وژن - اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بناکر ثابت کیا گیا ہے کہ موجود ہ حکومت نے تمام وعدے اور نعروں کو عملی جامہ پہنادیا ہے انہوں نے کہا کہ بنوں کے عوام کو گھر کے دہلیز پر گائنی سہولیات پہنچانے میں ایم ٹی آئی کلیدی کردار ادا کررہی ہے جس پر ایم ٹی آئی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے قلیل عرصہ میں یہاں پر بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بنوں ڈویژن کو اربوں روپے مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کی مد میں فنڈز فراہم کئے جسکی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں