کسی مخصوص علاقے نہیں بلکہ صوبے بھر میں محکمہ بلدیات کی افادیت ثابت کراؤں گا، فیصل امین گنڈاپور

بدھ 8 دسمبر 2021 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان نہیں بلکہ ضم اضلاع سمیت پورے صوبے کے وزیر ہیں اسلئے اپنے حلقہ نیابت یا کسی مخصوص علاقے کی بجائے صوبے بھر میں اپنے محکمے کی موجودگی اور افادیت کو محسوس کرائیں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے پشاور سے گذرنے والی پانچ بڑی نہروں کے پانی کو غلاظت اور آلودگی سے بچانے کیلئے نہروں کے دونوں اطراف اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے نکاسی نالوں کی تعمیر کے علاؤہ ضم اضلاع سمیت صوبے کے تمام شہری و دیہی علاقوں میں اربوں روپے کی لاگت سے آلودگی کے موثر خاتمے اور زیادہ سے زیادہ شجر کاری کیلئے جامع پلان کی منظوری حاصل کی ہے جس پر عنقریب بہت تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد کی جانب سے انہیں محکمہ کے ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت سے متعلق دی گئی بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ حکومت کے ترقیاتی عمل میں امتیازی سلوک پر بھی یقین نہیں رکھتے اسلئے ان کا محکمہ صوبے بھر میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی کے حلقوں میں یکساں ترقیاتی کام کروائیں گے جو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی محمود خان کے وژن اور ہدایات کے عین مطابق بھی ہے فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ نئے پلان کے تحت محکمہ بلدیات ضم اضلاع سمیت پورے صوبے کے ہر ضلع میں ایک ارب 70 کروڑ روپے کے خرچ سے دو دو پلے گراونڈ تعمیر کرے گا جس کا مقصد بچوں اور فیملیز کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے علاؤہ شہری خوبصورتی میں اضافہ ہے انہوں نے ہدایت کی کہ ٹی ایم ایز اور بلدیاتی افسران پارکس کیلئے اراضی خریدنے کی بجائے مقامی مخیر شہریوں سے رابطے کرکے پلاٹس کے عطیات حاصل کرنے کی مخلصانہ کوشش بھی کریں تاکہ غریب قوم کا پیسہ حتی الوسع بچایا جا سکے اسی طرح صوبے بھر میںدیہی سڑکوں کی تعمیر نو اور دیہی ترقی کیلئے بھی اڑھائی اڑھائی ارب روپے کے دو بڑے منصوبوں کی منظوری حاصل کی گئی ہے اور اگلے ایک سال کے دوران پانچ ارب روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل ہونے والے ان پراجیکٹس سے دیہی علاقوں میں کافی خوشگوار تبدیلیاں رونما ہوں گی اور وہاں کے لوگوں کو شہری طرز پر بنیادی سہولیات میسر ہوں گی وزیر بلدیات نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ضم اضلاع اور صوبے کے باقی حصوں میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے جہاں جہاں ضرورت پڑے گی وہاں ڈمپنگ گراؤنڈ تعمیر کئے جائیں گے جن کیلئے ایک ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اسی طرح ضم اضلاع سمیت صوبے کے باقی ماندہ ٹی ایم ایز میں جدید سائنسی بنیادوں پر نکاسی آب اور غلاظت صفائی کیلئے اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے نئی مشینری کی خریداری کا منصوبہ بھی قابلِ ذکر ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں