رحمت ا للعٰلمین سکالرشپ کے تحت صوبائی حکومت ، 2 سال میں کل 36ہزار غریب و نادار گھرانوں کے ذہین طلبہ پر 75کروڑ روپے خرچ کرے گی

بدھ 8 دسمبر 2021 23:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2021ء) محکمہ اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور خیبر پختونخوا، رحمت ا للعٰلمین سکالرشپ کے تحت، 2 سالوں میں کل 36ہزار غریب و نادار گھرانوں کے ذہین طلبہ پر 75کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ اس ضمن میں رواں سال 13ہزار طلبہ، جن میں ضم اضلاع کے 4 ہزار 500 طلبہ بھی شامل ہیں، کو وظائف دینے کے لئے امور طے کر دئے ہیں ۔

محکمہ مذکورہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 50 غریب خاندانوں کو جہیز فنڈز جبکہ 5 سو بیواؤں کو وظائف کے چیکس اس کرسمس سے پہلے حوالہ کرنے کے لئے بھی تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔نیہ انکشاف خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امورکے اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں بروز بدھ کو منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے قائمقام چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ نے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر محکمہ اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امورنکے منتظمین نے شرکاء اجلاس کو پچھلے کمیٹی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں، صوبہ بھر میں محکمہ اوقاف کی ملکیتی اراضی اور ان پر غیر قانونی قبضہ جات، ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے لئے شمشان گھاٹ اور قبرستان کے لئے اراضی کی خریداری اور دیگر متعلقہ موضوعات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

اجلاس میں محکمہ اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور کی انتظامیہ کو ایک ہفتے کے اندر اقلیتی برادری کے لئے پشاور، کوہاٹ، ہنگو، بنوں اور ڈیرہ اسمعیل خان میں شمشان گھاٹ و قبرستان کے لئے اراضی کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ۔کمیٹی کے چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ نے حافظ عصام الدین کی درخواست پر محکمہ اوقاف انتظامیہ کو ھدایات جاری کیں کہ اگلے کمیٹی اجلاس میں ممبران کو تفصیلات فراہم کی جائیں کہ محکمہ کی جانب سے کن اصولوں و شرائط کی روشنی میں ہر سال تقریبا 32 معاؤنین حجاج کرام کی خدمت کے لئے بھیجے جاتے ہیں۔

انہوں نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے جہیز فنڈز کے لئے مختص خاندانوں جبکہ وظائف کے لئے مختص بیواؤں و طلبہ کی تفصیلات بمعہ مسترد شدہ درخواست گزاروں کے کاغذات و تفصیلات اگلے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ ایم پی اے رنجیت سنگھ نے صوبے کے ان تمام اضلاع جہاں پر اقلیتی برادری کو اراضی کے مسائل درپیش ہیں، کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی اگلے اجلاس میں بلانے کے احکامات جاری کئے۔

اجلاس میں ممبرانِ کمیٹی و اراکینِ صوبائی اسمبلی وقار خان، مفتی عبید الرحمان اور حافظ عصام الدین کے ساتھ ساتھ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف، ڈپٹی کمشنر ہنگو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بنوں اور ڈائریکٹر ایڈمن محکمہ اوقاف کے علاوہ اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر قائمقام چیئرمین و ایم پی اے رنجیت سنگھ نے تمام معزز ممبرانِ کمیٹی و صوبائی اسمبلی سمیت انتظامی افسران کا بھی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں