پشاور میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کا اپنی جماعت کے ایم این اے نور عالم کیخلاف مظاہرہ

جمہوریت میں تنقید اور مظاہرہ کرنا سب کا حق ہے، میرے خلاف پارٹی کارکنوں کو استعمال کیا جا رہا ہے، نور عالم

اتوار 16 جنوری 2022 22:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے یوتھ ونگ نے اپنی ہی جماعت کے رکن قومی اسمبلی نور عالم کے خلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔انصاف یوتھ ونگ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نور عالم کے خلاف مظاہرے میں وزیرِاعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔صوبائی صدر انصاف یوتھ ونگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نور عالم خان وزارت کے لیے بیان بازی کر رہے ہیں۔

انصاف یوتھ ونگ پشاور کے سابق صدر الیاس خلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ ہاؤسز سے پیرا شوٹرز کا خاتمہ کیا جائے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان گزشتہ روز اپنی ہی حکومت پر پھٹ پڑے تھے۔اپنے بیان میں نور عالم کا کہنا تھا کہ سارے مسائل اسمبلی کی اگلی تین قطاروں میں بیٹھے لوگوں کی وجہ سے ہیں، ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

نور عالم خان کا کہنا تھا کہ پشاور کے لوگوں کا کیا قصور ہی انہیں نہ گیس ملتی ہے نہ بجلی، کیا پشاور پاکستان میں نہیں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ کیا پاکستان میں صرف چار اضلاع سوات، نوشہرہ، صوابی اور میانوالی ہی ہیں ۔ دوسری جانب ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی نور عالم خان پارٹی قیادت کے خلاف دیے گئے اپنے بیان پر ڈٹ گئے۔

ایک انٹرویو میں ایم این اے نورعالم خان نے کہا کہ جمہوریت میں تنقید اور مظاہرہ کرنا سب کا حق ہے، میرے خلاف پارٹی کارکنوں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔نور عالم خان نے کہا کہ میں نے کرپشن اور احتساب کی بات کی جو عمران خان بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پہلی تین لائنوں میں بیھٹے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ٹھیک بات کی۔پی ٹی آئی ایم این اے نے کہا کہ میں نے مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کی بات کی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں