گلیات اور کاغان میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں،شہزاد بنگش

جب سیاحوں کو سہولیات ملیں گی تو یہاں پر زیادہ سیاح آئیں گے جب زیادہ سیاح آئینگے تو یہاں روزگار کے زیادہ مواقع ملیں گے اور علاقے کے لوگوں کو فائدہ ہوگا،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

جمعرات 20 جنوری 2022 00:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا ہے کہ ہزارہ ڈویژن میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان پر فوری عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کام شروع کیاجائے انہوں نے کہا کہ گلیات اور کاغان میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ جب سیاحوں کو سہولیات ملیں گی تو یہاں پر زیادہ سیاح آئیں گے جب زیادہ سیاح آئینگے تو یہاں روزگار کے زیادہ مواقع ملیں گے اور علاقے کے لوگوں کو فائدہ ہوگا چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہاں پر سیاح صرف اور صرف جنگلات کی وجہ سے آتے ہیں جنگلات کے تحفظ کیلئے بھی تمام اقدامات اُٹھائے جائیں اور جہاں جہاں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، مانسہرہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور جنگلات کے درمیان جو بھی مسائل ہیں ان کو مل بیٹھ کر کمشنر ہزارہ کی سربراہی میں فوری حل کیاجائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کمشنر ہاؤس ایبٹ آباد میں ہزارہ ڈویژن میں جاری مختلف میگا پراجیکٹس اور دیگر امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن مطہر زیب، ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، واپڈا، این ایچ اے، فارسٹ ڈیپارٹمنٹ، جی ایم داسو ہائیڈرل پاور پراجیکٹ اور ڈی جی سیکورٹی بھی موجود تھے۔

کمشنر ہزارہ مطہر زیب نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو بریفنگ میں لنگڑا دہمتوڑ بائی پاس، جنگلات، ڈسٹرکٹ بیوٹیفیکیشن پروگرام، احساس راشن پروگرام، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، دیامیر باشاڈیم، سوکی کناری ڈیم، جی ڈی اے، ایم ڈی اے تجاوزات، منکیال فارسٹ اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ داسو ہائیڈرل پاور منصوبے سمیت دیگر بجلی کے منصوبوں کے جو بھی مسائل ہیں ان کو لوکل سطح پر حل کرکے ان پر کام کے رفتار کو تیز کیا جائے کیونکہ ان مسائل کی وجہ سے منصوبے تاخیر کا شکار ہورہے ہیں۔

ان منصوبوں میں جو بھی مسائل ہیں ان کو آسان بناکر فوری حل کیا جائے تاکہ ان منصوبوں پر کام جاری رہے۔ قبل ازیں انہوں نے لنگڑا دہمتوڑ بائی پاس کا دورہ کیا اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے حکام نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی چیف سیکرٹری نے کہا کہ اس منصوبے میں جو بھی مسائل رکاوٹ پیدا کررہے ہیں اور جہاں جہاں تجاوزات ہیں اور ختم کئے جائیں ضروری فینسنگ لگاکر فوری منصوبہ مکمل کیاجائے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ احساس راشن پروگرام غریب عوام کی سہولت کا پروگرام ہے اس پروگرام کی رجسٹریشن اور دیگر امور کے حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں فوری مسائل حل کریں تاکہ غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ جنگلات، جی ڈی اے اور ایم ڈی اے کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ آپ کے درمیان جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کیلئے سیکرٹری جنگلات، ماحولیات، کمشنر ہزارہ اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اجلاس کرکے فوری حل کریں ۔

اجلاس میں بلین ٹری سونامی اور محکمہ جنگلات کی دیگر مسائل، منکیال، جھیل سیف الملوک، دریائے کنہارکے اطراف میں تجاوزات، گندے پانی کا دریائے کنہار میں بہاؤ، محکمہ جنگلات کی فارسٹ ٹریک اور دیگر امور پر تفصیلی بحث کی گئی چیف سیکرٹری نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ جہاں پر جی ڈی اے، ایم ڈی اے میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے واش روم، سٹینڈ، دریائے کنہار پرکشتی رانی کے سٹیشن وغیرہ بنانا چاہتے ہیں ان مسائل کو بھی مل بیٹھ کر حل کیا جائے تاکہ ان علاقوں میں آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولت میسر ہوسکے، چیف سیکرٹری نے جی ڈی اے افسران کو ہدایت کی کہ جو مشینری آپ نے خریدی ہے اس کی پراپر مینٹیننس، بروقت تیل تبدیلی اور مکمل دیکھ بھال کی جائے۔

انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ آئندہ علاقے کے لوگوں کی ضروریات کے مطابق پلانٹیشن کریں جس سے ان علاقوں کی ضروریات بھی پوری ہوں اور جنگلات کٹائی سے بھی بچ سکیں انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو مزید کہا کہ جنگلات کی کٹائی میں ملوث ٹمبر مافیہ کے خلاف جو سزائے اور جرمانے تجویز کئے گئے ہیں ان کی باقاعدہ اشاعت کی جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں