۷ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ،صوبے میں پراپرٹی ٹیکس کے لئے ریٹنگ ایریاز میں اضافہ ناگزیر ہے، خلیق الرحمن

اتوار 23 جنوری 2022 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2022ء) مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا برائے محکمہ ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہو چکی ہے، دنیا بھر میں جہاں کورونا وبا کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا ہے پاکستان نے بہتر حکمت عملی سے اس وبا کے خلاف حفاظتی اقدامات اٹھا کر پوری دنیا میں پاکستان کو ایک نمایاں مقام پر پہنچا دیا ہے، صوبے میں پراپرٹی ٹیکس کے لئے ریٹنگ ایریاز میں اضافہ ناگزیر ہے، صوبہ بھر میں سروے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، موٹر کار رجسٹریشن فیس کم کرنے سے گاڑیوں کی رجسٹریشن میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے، آئندہ دو ماہ میں محکمہ ایکسائز مذید نئی سہولتیں عوام کے لئے پیش کر رہا ہے، صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد میں ٹیکس سہولت مراکز پر تیزی سے کام جاری ہے، پشاور کا ٹیکس فیسیلیٹیشن سنٹر حیات آبادجلد فعال کردیا جائیگا،منشیات کی سمگلنگ کو کنٹرول کرنے کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں میڈا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں محاصل کی وصولی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ریٹنگ ایریاز میں وسعت کے لئے صوبے کے مختلف اضلاع میں سروے کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے،ہر ضلعی ایکسائز دفتر میں عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، پراپرٹی ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس کی وصولی کے لئے مستعد سٹاف اور خصوصی کاونٹر لگائے گئے ہیں، کسی بھی دفتر سے شکایات آنے کی صورت میں متعلقہ ایکسائز دفتر سے باز پرس ہوگی، سڑکوں پر ایکسائز اہلکاروں کی ڈیوٹیوں کی خصوصی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی معیشت کو نئی جہت سے ہمکنار کر دیا ہے اور جی ڈی پی میں اضاٖفہ اس کی کھلی دلیل ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری مہنگائی کی صورتحال کورونا وبا کی وجہ سے ہے،ایک مرتبہ پھر ملک میں کورونا وبا سر اٹھانے لگی ہے مگر اس بار بھی معیشت بند کرنے کی بجائے سخت حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز مطلوبہ ٹیکس ہدف پورا کرنے کے لئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنا ٹیکس بروقت ادا کریں اور حکومت کی جانب سے ملنے والی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے نارکوٹکس ونگ کو خصوصی طور پر فعال کردیا گیا ہے اور ملک و قوم کے دشمن ان ڈرگ مافیاز کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ضم اضلاع میں بھی ایکسائز دفاتر فعال کر دئیے گئے ہیں جو منشیات کی سمگلنگ سمیت دیگر امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی پر اہلکاروں اور افسران کو سراہا جائیگا اور ناقص کارکردگی پر سخت سرزنش اور سزا ہوگی، محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا سوفٹ امیج عوام کے سامنے لانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، یونیورسل نمبر پلیٹس، رجسٹریشن کارڈ سمیت دیگر سہولیات آئندہ دو سے تین ماہ میں عوام کو پیش کردی جائیگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں