شہری کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کریں، بیرسٹر محمد علی سیف

سماجی فاصلہ قائم اور ماسک کا استعمال کیا جائے، لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، تدارک کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، معاون خصوصی اطلاعات

اتوار 23 جنوری 2022 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی پانچویں لہر تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں دگنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صوبائی حکومت کورونا وباء کی اس لہر سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم اس وباء کا خاتمہ عوام کے تعاون بغیر ممکن نہیں۔

شہری تمام کورونا ایس او پیز پر مکمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف وہ خود محفوظ ہوں بلکہ ان کے اہل و عیال اور معاشرہ بھی اس وباء سے محفوظ ہو سکے۔ یہاں اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر کورونا کے پندرہ سو سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بھی دگنی ہو گئی ہے جو کہ صورت حال کی سنگینی کی طرف اشارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی یہ لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عوام کو کورونا وباء کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں حکومت کورونا تدارک کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم عوام کے تعاون کے بغیر کورونا وباء کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ قائم کریں تاکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں