پولیو کا خاتمہ ہی محفوظ و صحت مند نسل کی ضمانت ہے،بیرسٹر محمد علی سیف

منگل 25 جنوری 2022 00:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہی محفوظ و صحت مند نسل کی ضمانت ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں حکومت کی کوششوں کے باعث گزشتہ ڈیڑھ سال سے صوبے میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

والدین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار شہری پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ہر مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے 19 اضلاع میں پولیو مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس دوران 5 سال تک کے 34 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ والدین، علماء اکرام اور اساتذہ سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو آگے بڑھ کر اس موذی وائرس کے خاتمے میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ حکومتی اور عوامی نمائندوں کی کوششوں کے باعث پولیو کے ریفوزل کیسز میں واضح کمی آئی ہے۔ ایسے کیسز کو اور نیچے لانے کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں جس کے لیے ہر انسداد پولیو مہم سے پہلے حکمت عملی طے کی جاتی ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ہر انسداد پولیو مہم کی طرح اس مہم کے دوران بھی اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور ایک صحت مند نسل پروان چڑھے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں