گاڑیوں سے نکلنے والی آلودگی کو چیک کرنے کیلئے قومی ماحولیاتی معیارات تبدیل کرکے عالمی معیار کے مطابق کر لیے گئے ہیں،فہد اکرام قاضی

قومی ماحولیاتی معیارات پر پورا نہ اترنے والی خراب گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کچھ عرصے کے بعد خیبرپختونخوا کی سڑکوں پر صرف آلودگی سے پاک گاڑیاں ہی دوڑیں گی۔ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا

جمعرات 27 جنوری 2022 23:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) تاریخ میں پہلی بار ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا نے گاڑیوں سے نکلنے والی آلودگی کو چیک کرنے کیلئے قومی ماحولیاتی معیارات (NEQS)کو تبدیل کرکے عالمی معیار کے مطابق کر لیا ہے اور یہ تاریخی تبدیلی وفاق سے 1994 میں ملنے والے کوالٹی سٹینڈرڈز میں کی گئی ہے۔ اس حوالے سے آج ایک تفصیلی اعلامیہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا نے جاری کیا ہے۔

ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ فہد اکرام قاضی نے کہا ہے کہ اس ماحولیاتی معیارات کو عالمی معیار کے مطابق کرنے سے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ نئے قومی ماحولیاتی معیارات کے مطابق ڈیزل والی گاڑیوں میں سموگ لیول 40 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد کم ازکم کیا گیاہے پیٹرول اور سی این جی والی گاڑیوں میں کاربن مانو آکسائیڈ لیول زیادہ سے زیادہ 2.5 ہوگا پیٹرول کی گاڑیوں کیلئے کاربن ڈائی آکسائیڈ، ہائیڈرو کاربن وغیرہ کے لیول بھی شامل کئے گئے ہیں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ قومی ماحولیاتی معیارات پر پورا نہ اترنے والی خراب گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

اب کچھ عرصے کے بعد خیبرپختونخوا کے سڑکوں پر صرف پالوشن فری گاڑیاں ہی چلیں گی۔ فہد اکرام قاضی کا کہنا تھا تبدیلی عالمی معیار اور صوبے میں سڑکوں اور گاڑیوں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کی گئی ہے اور قومی ماحولیاتی معیارات کی تبدیلی کیلئے ویٹس(VETS) ماہرین سے مختلف گاڑیوں کی چیکنگ اور سروے کرایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اگلا ہفتہ نئے پیرامیٹرز اور معیارات سے آگاہی کے طور پر منایا جائے گا جس کے بعد گاڑیوں کی چیکنگ نئے سٹینڈرڈز کے مطابق کی جائے گی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں اور ماحولیاتی آلودگی کی چیکنگ کے اسٹیشن ویٹس نے صوبے کے تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز اور عام عوام میں ماحولیاتی آلودگی کے متعلق آگاہی اور شعور بیدار کرنے کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خصوصی مہم کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں ٹرانسپورٹرز اور عوامی آگاہی کے لیے جگہ جگہ بینرز اور وال پیپر آویزاں کیے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں