نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر کے طلبہ کی سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ٹریفک رضا کار فورس میں شمولیت

جمعہ 20 مئی 2022 13:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر کے طلبہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ٹریفک رضا کار فورس میں شامل ہو گئے، اس ضمن میں نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال میں تقریب منعقد ہوئی ،جس میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید، سی ای او ڈاکٹر ضیا اور دیگر ٹریفک حکام بھی موجود تھے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید نے نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر کے طلبہ کی فورس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی شرٹس تقسیم کیں اور کہا کہ ان میں اس سے فورس مزید مضبوط ہو گی اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہےاس سے ٹریفک مسائل اور ٹریفک حادثات سے بچنے میں مدد فراہم ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے طلبہ پر مشتمل رضا کار فورس کی تشکیل کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضا کار فورس کے ممبران شہریوں کو شہر بھر میں لین لائن ڈسپلن ، زیبرا کراسنگ، سیٹ بیلٹ ، ہیلمٹ اور ون ویلنگ سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں شہریوں کو ٹریفک کی روانی سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر کے طلبہ فورس میں شامل ہونے کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو جائےگا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹریفک قوانین بارے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ رضا کار فورس کے ممبران بازاروں میں تاجروں کو تجاوزات کے خاتمے بارے بھی آگاہی دینگے تاکہ شہر میں کسی قسم کی ٹریفک کا مسئلہ نہ ہو۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں