ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام کی کیٹگری سی سے بی میں اپگریڈیشن، محکمہ صحت نے اعلامیہ جاری کر دیا

ہفتہ 21 مئی 2022 00:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ مال و ارضیات تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام کی کیٹگری سی سے بی میں اپگریڈیشن کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس سے ضلع بٹگرام سمیت شانگلہ، تورغر اور ملحقہ علاقہ جات کے لوگوں کی صحت سہولیات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں سات مختلف شعبہ جات کا اضافہ بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

اب ضلع بٹگرام اور ملحقہ علاقہ جات کے لوگوں کو ایبٹ آباد اور پشاور جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ معاون خصوصی تاج محمد خان ترند نے کہا کہ ضلع بٹگرام کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا بہت زیادہ شکرگزار ہوں۔ تاج محمد خان ترند کا کہنا تھا کہ اس ہسپتال کی اپگریڈیشن کیلئے سال 2018 سے کوششیں کر رہا تھا جو اب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صحت سہولیات میں اضافے کے ساتھ علاقے کے عوام کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں