ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی 7 روزہ انسداد پولیو مہم شروع

مہم 23 مئی سے 29 مئی تک جاری رہے گی‘ ڈی سی پشاور کے مختلف علاقوں کے دورے

پیر 23 مئی 2022 23:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) صوبائی دارلحکومت پشاورمیں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سات روزہ انسداد پولیو مہم 23 مئی سے 29 مئی تک جاری رہے گی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے سول ڈسپنسری شاہین مسلم ٹائون میں بچوں سے کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر نوید خورشید، فیسیلٹی انچارج ڈاکٹر ہمایون بٹ سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے انکاری والدین کو قائل کرتے ہوئے بچوں کو انسداد پولیو قطرے بھی پلوائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی آج 23 مئی سات روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے جو کہ 29 مئی تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران پشاور بھر میں 866603 بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 2496ٹیمیں پشاور کے مختلف علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے میں مصروف ہے اور ان ٹیموں کی سیکیورٹی کا بھی خاطر خواہ بندوبست کیا گیا ہے۔

پیر کے روز انتظامی افسران نے پشاور بھر میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں انکاری والدین کو قائل کر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے۔ڈپٹی کمشنرپشاورشفیع اللہ خان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر نا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں