میئر پشاور کا ہر یو سی میں ڈسپنسری کے قیام کا اعلان

یوسی کی سطح پر واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلز لگائے جائینگے تاکہ شہر بھر کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہو ‘ حاجی زبیر علی

منگل 24 مئی 2022 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہے کہ ہر یونین کونسل میں ڈسپنسری کے قیام اور سکولوں میں اضافی کمرے تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلز لگائے جائیں گے تاکہ شہر بھر کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہو ۔ انہوں نے سٹی کونسل پشاور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹی کونسل کے قیام کے بعد بھی پشاور اپ لفٹ پروگرام اور پشاور ریوائیول کا کام کوئی اور کر رہا ہے جو افسوسناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹی میں قائم ہسپتال سترہ سال سے بند پڑا ہے جس سے متعلق سیکرٹری ہیلتھ سے میٹنگز کئے ہیں جنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مذکورہ لیز کینسل کر کے ہسپتال میں نشے کی لت میں مبتلا نوجوانوں کا علاج کرایا جائے گا تاکہ نسل نو کو منشیات سے بچا یا جائے اور علاج کے فوراً بعد انہیں روزگار پر لگایا جائے جس سے متعلق کارخانہ داروں اور دیگر تاجروں کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور میں جس جگہ بھی ترقیاتی کام تاخیر کے شکار ہیں اس کی فوری تکمیل کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرینگے جبکہ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں آئندہ بجٹ میں اس کیلئے رقم مختص کیا جائے گا تاکہ اس کو مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پہلے سے ڈسپنریز قائم ہیں وہاں کے عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہمی یقینی بنانے کے لئے ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اسی طرح سٹریچر ‘ ویل چیئرز اور دیگر آلات بھی فراہم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں مسائل حل کرنے اور ریونیو جنریٹ کرنے کے لئے کونسل کے ممبران تجاویز دیں جس پر فوری عمل میں جائے گا جبکہ محلہ داری نظام کے قیام سے شہریوں کے مسائل حل ہوں گے جبکہ بلدیاتی نمائندے پر کام کم ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں گیس کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف علاقوں میں گیس کی تبدیلی کی جائیگی جس سے گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہو جائے گا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سٹی پولیس عتیق شاہ نے کہا کہ پشاور کے بلدیاتی نمائندوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پی ایل سی کمیٹیوں کو اپڈیٹ کر کے مزید بلدیاتی نمائندوں کو شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آسانی کیلئے تھانوں اور تھانوں کے باہر ڈی ایس پیز ‘ ایس ایچ اوز اور محرر صاحبان کے نمبرز آویزاں کردیئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کے مسائل بروقت حل کئے جا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے مشکوک افراد کی نشاندہی کریں جس کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا ۔ انہوں نے سٹی کونسل کے ممبران کے مطالبے پر کہا کہ ابابیل فورس کی ڈیوٹیاں مختلف شفٹوں میں لگائی گئی ہیں جس کے تحت ابابیل فورس کے اہلکار رات گیارہ بجے تک ڈیوٹیاں انجام دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم تھانوں کی حدود میں آبادی بہت زیادہ ہے جہاں پر 2022 ء پروگرام کے تحت مزید چوکیات کی منظوری دی جائے گی جس سے راہزنی کے واقعات میں کمی ہو جائے گی ۔ انہوں نے سٹریٹ لائٹس کے حوالے سے کہا کہ پشاور میں دس کروڑ روپے کی لاگت سے سولر لائٹس لگائے جائیں گے جس میں کیمرے بھی نصب ہوں گے جس کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی اور جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں