پشاو، دہشت گردی کی واردات میں پولیس انسپکٹر شہید

بدھ 25 مئی 2022 13:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) پشاور میں دہشت گردی کی واردات کے دوران پولیس انسپکٹر کو شہید کر دیا گیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایف آر پی کے انسپکٹر سحر گل کو تھانہ انقلاب کی حدود موسیٰ زئی میں اس وقت ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایا گیا جب وہ بدھ کی صبح اپنے بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہے تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار مبینہ دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو ئے اور پھر دم توڑ گئے تاہم گاڑی میں موجود ان کے بچے محفوظ رہے ،واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نےجائے وقوعہ کو گھیرے میں لےکر شواہد اکٹھے کئے اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اس واقعہ پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے ۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ شہید کے ورثاکو تنہا نہیں چھوڑ اجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ ادھر ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے،ایس ایس پی آپریشنز نے تفتیشی عمل کا جائزہ لیااورجدید سائنسی خطوط پر تفتیش کی ہدایت کی۔انہوں نے باریک بینی سے جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا مشاہدہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں