ٰکنزیومر پروٹیکشن رولز ورکشاپ، صارف کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا وقت کا تقاضا ہے۔جسٹس لعل جان

اتوار 26 جون 2022 19:00

ؔپشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2022ء) خیبرپختونخوا میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے کنزیومر پروٹیکشن رولز 2021 کے حوالے سے جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں دو روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی،اختتامی دن کے مہمان خصوصی پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس لعل جان تھے جس میں کنزیومر پروٹیکشن کورٹ پشاور کے جج آصف خان و دیگر 16 صارف ججز اور ڈائریکٹوریٹ آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس لعل جان نے ریمارکس دیئے کہ جمہوری معاشرے میں صارف کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا وقت کا تقاضا ہے جس کے لیے متعلقہ حکام کی تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے تاکہ فرائض منصبی کی انجام دہی کے ذریعے اہداف کا حصول ممکن ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کنزیومر پروٹیکشن عدالتوں کے ذریعے صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد شہریوں کے بنیادی و آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

جسٹس لعل جان نے ورکشاپ میں شرکت کرنے والے صارف ججز اور ڈائریکٹوریٹ آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز میں اسناد بھی تقسیم کئے۔کنزیومر پروٹییکشن کورٹ پشاور کے جج آصف خان نے منعقدہ ورکشاپ سے اپنے تاثرات شریک کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے رواں سال کے مہینے مارچ میں کنزیومر پروٹیکشن رولز 2021 صوبائی اسمبلی سے پاس کئے جس کے بعد صارف ججز اور محکمہ کامرس اینڈ انڈسٹریز کے متعلقہ حکام کی استعداد بڑھانے کے لیے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا براہ راست فائدہ صارفین کو بہترین خدمات کی فراہمی کی صورت میں ہوگا۔

انہوں نے کہا مذکورہ ورکشاپ کے انعقاد سے صوبے میں موجود صارف عدالتیں یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی انجام دے پائیں گی۔جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صارف کے حقوق کے تحفظ رولز 2021 کے متعلق دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد محکمہ کامرس اینڈ انڈسٹریز خیبرپختونخوا کے مالی تعاون سے کیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں