سی ٹی او کا ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے شہر بھر کا دورہ

قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے سمیت تجاوزات کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت

جمعرات 11 اگست 2022 22:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے شہر بھر کے تمام سیکٹرز کا دورہ کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مختلف پوائنٹس پر ٹریفک وارڈنز کی موجودگی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے ٹریفک نظام سے متعلق مسائل بارے آگاہی حاصل کی جس کو شہریوں نے تسلی بخش قرار دیدیا جس پر ٹریفک نظام کی بلا تعطل روانی پر ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی کو سراہا اور ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کو دوران سفر کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے اور شہر بھر کے فٹ پاتھوں پر قائم کئے جانے والے عارضی اور مستقل تجاوزات کا خاتمہ کریں تاکہ ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات درپیش نہ ہوں۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مزید کہا کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائیں کیونکہ غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں