تراویح کے دوران مساجد میں سیکیورٹی سخت کردی گئی، ایس ایس پی آپریشنز

اتوار 26 مارچ 2023 17:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2023ء) ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ نماز تراویح کے موقع پر مساجد کے اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے بازاروں اور مصروف علاقوں میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ لیڈی پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کی،انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس چوکس ہے اور نماز تراویح کے دوران مساجد میں حفاظتی اقدامات کے علاوہ ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ شہر بھر میں پولیس گشت بڑھانے کے لیے خصوصی اضافی پولیس موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی پلان کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اضافی پولیس فورس کی تعیناتی کے ساتھ ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس، ایڈیشنل سپیشل رایئڈر سکواڈز اور مقامی پولیس بھی حساس مقامات پر ہر وقت موجود رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر تعینات پولیس اہلکار ہائی الرٹ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ڈویژنوں میں ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کرکے خصوصی ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی کو پرامن ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اسی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ایک مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے شہر اور اس کے اطراف میں چوکس پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں