عید الاضحی ٰہمیں ایثار ، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور کاعید الاضحی ٰ پر پیغام

اتوار 16 جون 2024 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2024ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عیدالاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر پوری قوم خصوصا ًخیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ عید الاضحی ٰعالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔

اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالی کی رضاجوئی کے ساتھ ساتھ دوسروں کے دکھ درد کو بانٹنے کے لئے ایثار و قربانی کا احساس دلاتی ہے۔ انہوں نے عوام خصوصاً ًمعاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عید کے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کی اصل روح اور انسانیت کی معراج ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس بھی دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور اس سلسلے میں صفائی عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔اُنہوں نے اس موقع پر ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی عید کی خصوصی مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں