صوبائی معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیر سے سرمایہ کار گروپس کے وفد کی ملاقات

جمعہ 18 اپریل 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر سے جمعہ کو سول سیکرٹریٹ پشاور میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر چراٹ سیمنٹ اعظم فاروق کی سربراہی میں سیمنٹ انڈسٹری کے بڑے سرمایہ کار گروپس کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔وفد میں بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ،چراٹ سیمنٹ اورلکی سیمنٹ کے اعلیٰ انتظامی حکام شامل تھے جبکہ سیکرٹری محکمہ صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عامر آفاق،ڈپٹی سیکرٹری محکمہ خزانہ سعید احمد،ڈائریکٹر لائسنسنگ معدنیات حیات الرحمان،خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے منیجر فہد ارباب و دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفد نے معاون خصوصی سے صوبے میں سیمنٹ انڈسٹری کے شعبے کے حوالے سے مختلف امور اور بعض مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جبکہ اس حوالے سے انہوں نے صوبے میں سرمایہ کاری کے اس اہم سیکٹر کی ترقی کے سلسلے میں بعض تجاویز بھی دیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی اورسیمنٹ انڈسٹری کے نمائندوں کے مابین صوبے میں کارخانوں کیلئے صوبائی نوعیت کی پیداواری بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا جس میں انہوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران سیمنٹ انڈسٹری کے نمائندوں نے محکمہ جنگلات و ماحولیات سے منسلک بعض معاملات و مشکلات کو بھی زیر بحث لایا اور بتایا کہ صوبے میں سرمایہ کاری میں مذکورہ معاملہ ایک رکاوٹ ہے جس کے سلسلے میں انہوں نے سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کرنے کی گزارش کی۔اس طرح وفد نے سیمنٹ انڈسٹری کے حوالے سے ٹیکسیشن اور انفراسٹرکچر کے سلسلے میں بھی بعض معروضات پیش کیئے اور رائے پیش کی کہ سیمنٹ انڈسٹری اس صوبے میں سرمایہ کاری کا سب سے بڑاشعبہ ہے جس کے ذریعے حکومت کو ٹیکس کی مد میں خطیر رقم کا فائدہ پہنچ رہا ہے اس لیے اس سیکٹر کی ترقی کیلئے انکی تجاویز کو عملدرآمد کیلئے قبول کیا جائے۔

اس موقع پر معاون خصوصی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ سیمنٹ انڈسٹری صوبے میں سرمایہ کاری کا ایک اہم شعبہ ہے جو صوبے کی اقتصادی ترقی میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جنگلات و ماحولیات کے زمرے میں سیمنٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ اس پہلو کے حوالے سے پائیدار ایس او پیز بنائے جائیں اور اس کے ذریعے اس سیکٹر کے مسائل کا ازالہ ہو سکے گا۔

انہوں نے سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ اس سیکٹر کو سستی نرخ پر توانائی کی فراہمی کیلئے صوبائی پیداواری بجلی کی انڈسٹریز تک رسد کیلئے ٹرانسمشن لائن میں سرمایہ کاری کریں۔معاون خصوصی نے کہا کہ مشیر خزانہ کی سربراہی میں سستی انرجی کی صنعتوں کو فراہمی کیلئے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی ہے جس میں انرجی اینڈ پاور بھی شامل ہے اور حکومت کی یہ کوشش ہے کہ صوبے میں صنعتوں کو سستی توانائی فراہم ہو تاکہ یہاں پر صنعتیں بلا کسی رکاوٹ چلیں۔

انہوں نے سیمنٹ انڈسٹری کی جانب سے صوبے میں کئی چیلنجز کے باوجود صنعت کاری کرنے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ ہمارا صوبہ ہے اور ہماری یہ اولین کوشش ہوگی کہ یہاں پر صنعتکاروں کیلئے آسانیاں تلاش کی جائیں تاکہ ا ن کی مشکلات کا ازالہ ہو سکیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس سیکٹر کے فروغ کیلئے عملی طور پر اقدامات ہو سکیں،یہاں پر پیداواری اشیا کی ویلیو ایڈیشن ہو اور صنعتی سرکل میں اچھے لوگ آجائیں اور ہمہ وقت ہم انڈسٹری کو سپورٹ کریں گے۔ملاقات کے دوران معاون خصوصی نے سیمنٹ انڈسٹری وفد کے سربراہ اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر چراٹ سیمنٹ اعظم فاروق کو توصیفی شیلڈ سے بھی نوازا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں