فضل محمود نیشنل انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ پشاور میں دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا

پیر 19 نومبر 2018 18:45

فضل محمود نیشنل انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ پشاور میں دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری فضل محمود نیشنل انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ ڈسٹرکٹ پشاور میں اسلامیہ سٹارز نے ملک جونیئرز کو اور ملک سٹارز نے پشاور پینتھرز کو ہرا دیا جبکہ پیپلز کلب کو رانا کلب کے خلاف واک اوور مل گیا۔ پہلے میچ میں اسلامیہ سٹارز نے بیٹنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 202 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، محمد عدنان نے 74، عمران خان نے 37 اور صفدر خان نے 34 رنز بنائے، ملک جونیئرز کلب کی جانب سے محمد عامر نے چھ، وقار، عمر ااور فیاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں ملک جونیئرز کلب کی ٹیم 31ویں اوور میں 134 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، نصر اللہ 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسلامیہ سٹارز کی جانب سے صفدر نے چار، زیارت نے تین اور فہیم احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

دوسرے میچ میں پشاور پینتھرز نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 149 رنز پر آئوٹ ہوگئی، افضل نذیر نے 37 اور شہزاد علی نے 20 رنز بنائے، ملک سٹارز کلب کے ہاشم نے تین، علیم اور حمزہ نے دو دو، خلیل اور عرفان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ملک سٹارز کی ٹیم نے ہدف 25 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، علیم آفریدی 79 اور حمزہ 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پشاور پینتھرز کلب کی جانب سے طارق اور فرمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں