پہلا پشاور ہاکی لیگ ٹورنامنٹ خیبر پختونخواہ پولیس نے جیت لیا

بدھ 23 جنوری 2019 17:45

پہلا پشاور ہاکی لیگ ٹورنامنٹ خیبر پختونخواہ پولیس نے جیت لیا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) پہلا پشاور لیگ ہاکی ٹورنامنٹ اسماعیل ابدال ہاکی گراونڈ سول کوارٹرز پشاورمیںمنعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے بہترین ٹیموں سول کوارٹرز،گورنمنٹ کالج پشاور، PFکالج پشاور،مردان ہاکی کلب،چمکنی ہاکی کلب پشاور،قاضی محب ہاکی کلب اور بٹ خیلہ نے حصہ لیا۔ خیبر پختونخواہ پولیس کے کھلاڑیوں نے بہترین ہاکی کھیلتے ہوئے نے اپنے گروپ میچوں میں قاضی ہاکی کلب اور گورنمنٹ کالج پشاور کے ٹیموں کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔

سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا پولیس اور چمکنی ہاکی کلب کی ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا جس میں چمکنی ہاکی کلب کو 2کے مقابلے میں 3گول سے شکست ہوئی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل خیبر پختونخوا پولیس اور سول کوارٹرز کے مابین کھیلا گیا۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی اسمبلی ملک واجد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے خیبر پختونخوا پولیس ہاکی ٹیم نے اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی حریف ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول کی واضح برتری سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔

فائنل میں خیبر پختونخواہ پولیس کی جانب سے ساجد،محمد علی،جمیل بوستان اور سہیل اقبال نے ایک ایک گول کرکے اپنے ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ اس موقع پرمہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی ملک واجد نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار خیبر پختونخواہ پولیس سپورٹس کے میدان میں بھی سب سے آگے ہے اور امید ظاہر کی کہ پولیس کی ٹیم آئندہ بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابیاں و کامرانیاں حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ میں بہترین نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔انچارج سپورٹس خیبر پختونخواہ پولیس نعیم گل نے جیت کا کریڈٹ آئی جی صلاح الدین محسود اور ڈائریکٹر سپورٹس صادق بلوچ کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی، ذاتی دلچسپی اور حوصلہ افزائی کی بدولت خیبر پختونخواہ پولیس کی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے کہ پولیس سپورٹس بورڈ کا قیام 2009میں اس وقت عمل میں لایا گیا جب ملک میں دہشت گردی اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی۔ تاہم پولیس کے بہادر اور دلیر جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھر پور لوہا منوانا شروع کردیا۔ پولیس سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں جن میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن، اتھلیٹکس، تیراکی، لان ٹینس، باڈی بلڈنگ اور سکواش شامل ہیں میں پولیس کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ کئی ایک کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر نیشنل اور انٹرنیشنل گیمز میں کئی قسم کے میڈلز بھی جیت چکے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں