جونیئر نیشنل سکواش چمپئن شپ پرسوں سے پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگی

ہفتہ 16 فروری 2019 16:20

جونیئر نیشنل سکواش چمپئن شپ پرسوں سے پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) جونیئر نیشنل سکواش چمپئن شپ پرسوں 18 فروری سے پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگی جس کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اس سلسلے میں پاکستان سکاوش فیڈریشن کے نائب صدر اور خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ‘چیمپئن شپ میں بوائز انڈر15 اور گرلز انڈر15 اور انڈر9 کے مقابلے ہوں گے‘صوبائی سیکرٹری ایری گیشن اور صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر دائود خان کل سہ پہر تین بجے مقابلوں کا باقاعدہ طور پر افتتاح کریں گے ‘چیمپئن شپ کے چیف آرگنائزر منور زمان ہوں گے جبکہ ان کے ہمراہ پی اے ایف سکواش اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اطلس خان اور دیگر کوچز معاونت کریں گے‘قمرزمان نے بتایا کہ مقابلوں کے انعقاد کا مقصد جونیئر کھلاڑیوں کو آنے والے مقابلوں کے لئے تیار کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہمارے کھلاڑی تیزی سے آگے جارہے ہیں خاص طور پر جونیئر کھلاڑیوں پر فوکس رکھا گیا ہے اور وہ اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت کی جانے والی چیمپئن شپ کے لئے انعامی رقم ایک لاکھ روپے رکھی گئی ہے ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد کرکے کھلاڑیوں کو کھیلنے کے زیادہ مواقع فراہم کریں تا کہ ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہو‘انہوں نے خیبر پختونخوا سپورٹس بورڈ کے ڈی جی جنید خان کی کاوشوں کو سراہا جن کی ذاتی دلچسپی سے سکواش اور دیگر کھیلوں کو فروغ حاصل ہوا ہے ‘انہوں نے پاکستان سکواش فیڈریشن اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جو سکواش کے فروغ و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی سکواش کے فروغ و ترقی کیلئے بھرپور کام جاری رکھیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں