خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

جمعرات 4 مارچ 2021 21:56

خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پشاور میں شجرکاری مہم کا آغاز ہوگیا صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عمرایاز خلیل نے ٹاپ رینک ٹینس کھلاڑیوں برکت اللہ 'کاشان عمر 'شاکر اللہ 'ہسام خان 'الہام خان 'افغانستان کے اسد اللہ اوردیگر آفیشلز کے ہمراہ پشاور کے شاہی باغ ٹینس کلب میں پودا لگایا'عمر ایاز خان خلیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کو آگے لے جاتے ہوئے صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن نے شجرکاری مہم کا آغاز کرکے باقی تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز اور کھلاڑیوں کے لئے مثال قائم کی ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں ٹینس کے کھلاڑی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے صوبہ بھر میں پودے لگائیں گے اور ایسوسی ایشن ان کیساتھ بھرپور معاونت کرے گی انہوں نے کہا کہ صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر اور صدر ڈی آئی جی سلیم مروت کی خصوصی ہدایات پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ہم نے شروعات پشاور سے کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں میں شجرکاری کی جائے گی انہوں نے کہا کہ شجرکاری وقت اور ملک و قوم کی ضرورت ہے اور اس میں حصہ ڈالنا ہر شہری کا فرض ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک بھر کے عوام کیساتھ ساتھ ملک بھر کے کھلاڑی اور آفیشلز شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں گے اور اس میں اپنا کردار ادا کریں گے جس سے ملک و قوم مزید ترقی کرے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں