انڈر21 خیبرپختونخوا گیمز کا پروقار تقریب میں آغاز

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر21 خیبرپختونخواگیمزگزشتہ روز شروع ہوگئی

منگل 30 نومبر 2021 00:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر21 خیبرپختونخواگیمزگزشتہ روز شروع ہوگئیں‘ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ رنگارنگ تقریب میں گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا ان کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ‘رکن صوبائی اسمبلی آصف خان‘ملک واجد اللہ خان ‘ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک‘پراجیکٹ ڈائریکٹر ایک ہزار کھیلوں کی سہولیات مراد علی مہمند‘ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس سید ثقلین شاہ،ڈائریکٹریس سپورٹس مس رشیدہ غزنوی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سلیم رضا‘ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز الله، ڈپٹی ڈائریکٹر نعمت الله، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس طارق خان ، اے ڈی فنانس امجد اقبال، اے ڈی سپورٹس ذاکر الله،ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان ،ڈی ایس او پشاور تحسین اللہ خان ‘ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ ‘ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس شاہ فیصل‘سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود‘ ‘آر ایس او پشاور جمشید بلوچ سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘ پینتیس اضلاع سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ‘قومی ترانہ بجایا گیا ‘شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوا‘ملی نغمہ پیش کیا گیا ‘گیمز کی افتتاحی تقریب کے لئے پشاور سپورٹس کمپلیکس کو مختلف بینرز اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا ‘کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ‘ تمام ڈی ایس اوز اور آر ایس اوز کو کھلاڑیوں کے لئے کٹس اور دیگر سامان کھیل شروع ہونے سے ایک روز قبل حوالے کیا گیا ‘جنہوں نے آگے ٹیموں میں سامان تقسیم کیا ‘صوبہ بھر سے پانچ ہزار سے زائد ایتھلیٹ اور آفیشلز پشاور پہنچے ہیں مردوں کے کھیلوں کے ایونٹس کا آغازگزشتہ روز ہوگیا‘مردکھلاڑی دس گیمز میں مقابلہ کریں گے ان میں ہاکی ، ٹیبل ٹینس، جوڈو ، کراٹے ، تائیکوانڈو، جمناسٹک ، ووشو،ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور باسکٹ بال شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دسمبر میں منعقد ہونیوالی انڈر21 گیمز میںخواتین کھلاڑی والی بال، نیٹ بال، ایتھلیٹکس، رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ میں حصہ لیں گی۔گیمزمیں 35 اضلاع کے کھلاڑی شامل ہیں‘گزشتہ روز افتتاحی تقریب کے موقع پر کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا ہردستہ بہترین سابق انٹرنیشنل پلیئرز اور ڈی ایس او ز کی قیادت میں میدان میں آیا اور بھرپور داد وصول کی ‘افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ انڈر21 گیمز میں اتنی بڑی تعداد میں صوبہ بھر سے کھلاڑیوں کی شرکت ہماری کامیابی کا ثبوت ہے یہ کھلاڑی بھرپور جذبے کے تحت میدان میں مقابلہ کریں گے اور جیت کے پی کے اور پاکستان کی ہی ہوگی ‘انہوں نے کہا کہ پشاور کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے قلیل عرصے میں ریکارڈ کام کئے اور خاص طور پر کھیلوں کے شعبے میں کھلاڑیوں کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں صوبہ بھر میں اربوں کے منصوبے جاری ہیں ان میں سے بیشتر مکمل بھی ہوچکے ہیں پشاور میں حال ہی میں آئی ایم سائنسز میں انٹرنیشنل سیمیناز منعقد ہوا ‘میوزیم میں ضم شدہ اضلاع کے حوالے سے نمائش منعقد کی گئی شاہی باغ پشاور میں پاکستان بلوم فلاورز کے حوالے سے نمائش‘کارز اور بائیک کی نمائش وغیرہ جیسے ایونٹس منعقد ہوئے ‘دو سال قبل نیشنل گیمز منعقد ہوئے کم عرصے میں پشاور سپاٹ لائٹ بن گیا‘پاکستان کرکٹ ٹیم میں پہلے ایک یا دو کھلاڑی ہوتے تھے اب آدھی سے زیادہ ٹیم خیبرپختونخوا سے ہے اور لیجنڈز خیبرپختونخوا سے ہی ہوتے ہیں یونس خان‘ عمر گل ‘شاہین شاہ آفریدی ‘یاسر شاہ ‘جنید خان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ‘انہوں نے کہا کہ کھیل برداشت‘ڈسپلن ‘فیئر پلے اور بہت سی خوبیاں پیدا کرتے ہیں کھیلوں میں حصہ لینے سے ہم بہت کچھ سیکھتے ہیں سب کو کھیلوں میں حصہ لینا چاہئے اور اپنی بہترین صلاحیتوں کااظہار کرنا چاہئے ‘صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے ہر خواب کو پورا کرنے کے لئے محنت شرط ہے خیبرپختونخوا میں جہاں امن و امان کے حالات ماضی میں بہت خراب ہوتے تھے اب مکمل امن ہے افغانستان میں بھی امن ہے یہ خطہ دنیا بھر میں ترقی کریگا انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں جلد ہی سو فیصد کھلاڑی خیبرپختونخوا کے ہی ہوں گے ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اب کھلاڑیوں کو مواقع مل رہے ہیں تین ارب روپے کی لاگت سے یونین کونسل کی سطح پر سٹیڈیمز بنائیں گے جس سے کھلاڑیوں کو ان کے گھر کے قریب ہی کھیلوں کی سہولتیں میسر ہو ں گی ۔

ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک کے مطابق میڈل ونر کھلاڑیوں کو پالیسی کے مطابق نقد انعامات سے بھی نوازا جائے گا اور بہترین کھلاڑیوں کے لئے ماہانہ وظائف بھی مقرر کئے جائیں گے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں