صوبائی حکومت کھلاڑیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ، خالد خان

ہفتہ 21 مئی 2022 00:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) مالدیپ کے شہر مالے میں منعقدہ سائوتھ ایشین جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ سلور اور برانز میڈل جیتنے والے پشاور سے تعلق رکھنے والے ٹیبل ٹینس کھلاڑی امم خواجہ‘ شاہخان،حسیب خواجہ اور عباس نے ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا خالد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پرڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سلیم رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس طارق خان،ایڈمن آفیسر جعفر شاہ، ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر کفایت لالہ خان ‘فیمیل کوچ آمنہ خان‘کے پی سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم شیراز‘سیکرٹری شاہد آفریدی‘سابق صدر اعجاز احمد سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘ڈی جی سپورٹس کے پی خالد خان نے بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں اور ان کی کوچنگ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت کے باعث یہ کامیابی ممکن ہوئی اورامید ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح محنت جاری رکھیں گے اور ملک و قوم کے لئے مزید کامیابیاں حاصل کریںگے‘ انہوں نے کہا کہ کے پی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ تمام بہترین کھلاڑیوں کو سہولتیں فراہم کررہاہے اور انہیں بھی اچھی سہولتیں فراہم کریں گے‘ انہوں نے کہا کہ زیر تعلیم بچوں کو سکالر شپس دئیے جارہے ہیں‘صوبے کے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب جلد منعقد ہوگی جس میں ان کی بہترین خدمات پر ان کھلاڑیوں میں نقدانعامات تقسیم کئے جائیں گے اور انہیں اسناد سے بھی نوازا جائے گا ‘جو بھی میڈل ونر بیرون ممالک ٹریننگ اور مقابلوں میں شرکت کے لئے رسائی حاصل کررہے ہیں انہیں دیگر سہولتوں کیساتھ سفری اخراجات بھی دئیے جائیں گے‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھلاڑیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور وہ وقت دور نہیں جب عالمی سطح پر ہمارے صوبے کے کھلاڑی ملک و قوم کے لئے مزید اعزازات لائیں گے یاد رہے کہ سائوتھ ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان ‘بھارت ‘ سری لنکا‘ بنگلہ دیش ‘نیپال‘بھوٹان اور مالدیپ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں