ڈی سی چارسدہ فٹ بال لیگ کا آغاز ، ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے افتتاح کیا

ہفتہ 25 جون 2022 23:26

ڈی سی چارسدہ فٹ بال لیگ کا آغاز ، ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے افتتاح کیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2022ء) ڈی سی چارسدہ فٹ بال لیگ گزشتہ روز عبدالوالی خان سپورٹس کمپلکس چارسدہ میں شروع ہوگئی،جس میں ضلع بھر سے 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیلیگ کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر چارسدہ کیپٹن (ر) عبدالرحمان نے فیتہ کاٹ کر کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چارسدہ تحسین اللہ،ایڈمنسٹریٹر عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ چارسدہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کے باہمی اشتراک سے ڈی سی چارسدہ فٹ بال لیگ کا عبدالوالی خان سپورٹس کمپلکس میں انعقاد کیا گیا افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی سی چارسدہ کپٹن (ر) عبدالرحمان تھے ،فٹ بال لیگ میں تحصیل شبقدر اور تحصیل چارسدہ کی تین تین ٹیمیں جبکہ تحصیل تنگی کی دو ٹیمیں شرکت کر رہی ہے،پہلے روز کھیلے گئے مقابلوں میں چارسدہ پنتھر نے تنگی مارخور کو تین صفر سے جبکہ شبقدر ڈریگن نے شبقدر شارک کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چارسدہ کیپٹن (ر) عبدالرحمان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کھیل کود نوجوان نسل کے لئے انتہائی اہم ہے کیونکہ کھیلوں کی بدولت جسمانی اور ذہنی نشونما کیساتھ ساتھ منفی سرگرمیوں سے بھی دور رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اگر خوداعتمادی اور محنت کیساتھ کھیلیں تو کامیابی ان کی قدم ضرور چومے گی اور یہاں سے میسی اور رونالڈو جیسے کھلاڑی نکل سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب کھلاڑی کو بنانے میں ان کے والدین کا بھی بڑا ہاتھ ہوتا ہے ان کی بھی کافی محنت ہوتی ہے اس لئے ان کو بھی خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

اخر میں انہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیس چارسدہ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔واضح رہے کہ ڈی سی چارسدہ فٹ بال لیگ سے قبل تحصیل کی سطح پر فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس سیشبقدر اور چارسدہ تحصیل کے ٹاپ تین جبکہ تحصیل تنگی کی ٹاپ دو ٹیمیں لیگ میں حصہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں