بچوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی،بیماریوں کے تدارک کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور محکمہ صحت پوری طرح متحرک ہے،بشیر خان بازئی

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

پشین۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کی انسپکشن ٹیم کے رکن بشیر خان بازئی نے کہا ہے کہ بچے ہمارے مستقبل ہیں،ان کو صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بچوں کے ساتھ منسلک بیماریوں کے تدارک کیلئے وزیراعلی بلوچستان اور محکمہ صحت پوری طرح متحرک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر دست اور اسہال سے جاں بحق ہونیوالے بچوں کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین میجر(ریٹائرڈ) اورنگ زیب بادینی، ڈسٹرکٹ ھیلتھ آفیسر پشین ڈاکٹر احمد زمان جمالی اور ضلعی محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے۔ انسپکشن ٹیم کے رکن بشیر خان بازئی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان نے پشین کے نواحی علاقے ڈب خانزئی کے کلی گولائی میں دو بچیوں کے دست اور اسہال سے جاں بحق ہونے والے واقعہ کا ذاتی طور پر نوٹس لیا ہے اور فوری طور پر انسپکشن تشکیل دی ہے۔

(جاری ہے)

جنہوں نے جان بحق بچیوں کے لواحقین سے تعزیت کیا اور اس کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا، جس کی جامع رپورٹ مرتب کرکے وزیراعلی بلوچستان کو پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر پشین کی ہدایت پر ڈی ایچ او پشین کی جانب سے مذکورہ علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد اور بروقت علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے مثبت اقدام قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے صوبے بھر میں صحت کے مراکز کو فعال بنانے اور عوام کو صحت کی سہولیات کی فوری فراہمی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ اس سلسلے کوئی غفلت برداشت کی جائے گی، بچوں کی بیماریوں کے تدارک اور حفاظتی ٹیکہ جات مہم کو کامیاب کرکے ہی ہم اپنے مستقبل کی نسل محفوظ بنا سکتے ہیں، سوشل میڈیا پر ایک سازش کے تحت بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈے کئے جارہے ہیں، ہمیں سوشل میڈیا کو منفی مقاصد کے بجائے مثبت طریقے سے استعمال کرنی چاہیے۔ انہوں نے عوام خصوصا والدین سے اپیل کردی کہ محکمہ صحت کے ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کرکے اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں