پشتونوں کے اتحاد ویکجہتی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے پشتونوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ،پشتونوں کو اپنے روشن مستقبل کیلئے جدوجہد تیز تر کرنی ہوگی ،کارکن 27اکتوبر کے جلسہ عام کی تیاریاں تیز تر کرلیں

صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی اصغرخان اچکزئیکا پشین کی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:12

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتونوں کے اتحاد اور یکجہتی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے پشتونوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ان کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں پشتونوں کو ان سے خبردار رہتے ہوئے اپنے روشن مستقبل کے لئے جدوجہد تیز تر کرنی ہوگی ، کارکن 27اکتوبر کے جلسہ عام کی تیاریاں تیز تر کرلیں ۔

اتوار کو یہ بات انہوں نے ضلع پشین کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔رکن مرکزی کمیٹی عبدالباری کاکڑ کی رہائش گاہ پر منعقدہ جنرل باڈی اجلاس کی صدارت عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشین کے صدر عبدالباری کاکڑ نے کی ، جبکہ اجلاس میں ضلعی اراکین و عہدیدار، تحصیل صدور ،سیکرٹریز،صوبائی کونسل کے اراکین نے بھی شرکت کی جس میں27اکتوبر کو تاج لالہ فٹبال گرائونڈ پشین میں پارٹی کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع پشین کو7مختلف سرکلز میں تقسیم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خاص صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پشتونوں کی ایک واحد پارٹی عوامی نیشنل پارٹی ہے جو اس کٹھن دور میں بھی پشتو پشتون اور پشتونولی کی بات کرتے ہوئے پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے نہ صرف اپنا کردار ادا کررہی ہے بلکہ اس راہ میں بے شمار قربانیاں دینے کے بعد بھی پارٹی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹی آج پشتونوں کو جو حالات درپیش ہیں وہ سب کے سامنے ہیں پشتونوں کو صرف پشتو بولنے کی پاداش میںامتیازی سلوک کا سامنا ہے نادرا حکام کا رویہ پشتونوں کے ساتھ ایسا ہے جیسے وہ کسی اور ملک کے رہائشی ہوں انہیں شناختی کارڈ کا اجراء نہیں کیا جارہا جبکہ شاہراہوں اور پبلک مقامات پر پشتونوں کو لائنوں میں گھنٹوں کھڑا کیا جاتا ہے ان پر کاروبار تعلیم اور تجارت کے دروازے بند کئے جارہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ اس طرح کا طرز سلوک پشتونوں کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کررہا ہے وہ لوگ جنہوں نے پشتو اور پشتونوں کا نعرہ لگا کر اقتدار حاصل کیا اقتدار میں آنے کے بعد وہ سب کچھ بھول چکے ہیں ان چند لوگوں کے بس میں ہوتا تو وہ خود کو پشتونولی سے بھی باہر کردیتے کیونکہ ان کا ہر عمل پشتونوں کے منافی جارہا ہے انہوں نے خود ساری زندگی اسی نعرے پر سیاست کی کہ ہم پشتونوں کوا یک قومی وحدت میں لائیں گے آج جب عوامی نیشنل پارٹی کی جدوجہد کی بدولت فاٹا سے ایف سی آر کا خاتمہ کرکے اسے خیبر پشتونخوا کے پشتونوں کے ساتھ ملایا جارہا ہے یہ لوگ اس کی راہ میں رکاوٹ بن گئے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے محبوب قائد ملی مشر اسفندیار ولی خان 27اکتوبر کو تاج لالہ فٹبال گرائونڈ پشین میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ نام نہاد قوم پرست اور دیگر جماعتوں سے مایوس ہو کر ہمارے پاس آرہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ فخر افغان باچاخان کے ارمانوں کی تکمیل کرتے ہوئے پشتون قومی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں مگر المیہ یہ ہے کہ ہمیں عوام کے پاس جانے نہیں دیا جارہاجس پر ہم نے شدید احتجاج بھی کیا اب ایک بار پھر ہم نے پشین میں پارٹی کے زیراہتمام جلسہ عام کا اعلان کیا ہے جس سے پارٹی سربراہ اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے یہ جلسہ عام نہ صرف کوئٹہ اور پشین بلکہ پورے صوبے کی تاریخ کا اہم ترین جلسہ عام ہوگا ۔

پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ فاٹا کو خیبرپشتونخوا میں ضم کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی جو لوگ اور جو جماعتیں اس کی مخالفت کررہی ہیں تاریخ میں ان کے لئے کوئی جگہ نہیں کیونکہ وہ ایک غیر فطری عمل کو جاری رکھنے کے حامی ہیں جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ پشتونوں کا اتحاد فطری ہے انہیں ایک ہونا چاہئے جو لوگ اس کی مخالفت کرتے ہیں پشتون ان سے خبر دار رہیں اور ان کی سازشوں کا پردہ فاش کریں ۔

انہوں نے پارٹی اراکین اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف جلسہ عام بلکہ اس کے بعد پارٹی پیغام کو ہر گھر اور ہرپشتون تک پہنچانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اجلاس میں مختلف نوعیت کے اہم فیصلے کئے گئے 27اکتوبر کے جلسہ عام کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ضلع کو سات حصوں میں تقسیم کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر صوبائی اور ضلعی عہدیدارو ں نے کہا کہ پشتونوں کااتحاد ہو کر رہے گا جو لوگ اس کی مخالفت کرتے ہیں قوم کو ان کے اصل کردار سے باخبر کرنے کے لئے پارٹی اراکین اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں ۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں