پاکستان سے پولیو کا جلد مکمل خاتمہ کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب ہیں،ڈپٹی کمشنر بالاچ عزیز

جمعہ 27 اکتوبر 2017 22:57

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر بالاچ عزیز نے کہا ہے کہ ہم پاکستان سے پولیو کا جلد مکمل خاتمہ کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب ہیں۔اور وہ دن دور نہیں جب اقوام عالم پولیو کا خاتمہ کرنے پر ہمارے باہمت اور پر عزم لاکھوں صحت محافظین کو ان کی بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر(صحت محافظ) کے نام سے منعقدہ تقریب کے دوران صحت محافظین،ضلعی آفسران اورسیکورٹی فورسز کے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرمحکمہ صحت کے ضلعی آفیسرڈاکٹر مقبول احمد کاکڑ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انعام الحق،سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پولیو کا موذی مرض پاکستان میں ماضی کی تاریخ کا ایک حصہ بن کر رہ جائے گا۔

(جاری ہے)

کیونکہ ہم پولیو کے خلاف جاری جنگ کے حتمی مرحلے میںداخل ہوچکے ہیں۔اور اس جنگ میں بطور ایک قوم لاکھوں باہمت فرنٹ لائن ورکرز،والدین،ڈاکٹرز،علماء کرام،قبائلی عمائدین،سیاسی تنظیمیں،مسلح افواج اور سیکورٹی اہلکاروں سمیت میڈیا کے نمائندوںکاکردار قابل فخر ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بد قسمتی سے کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ سمیت ضلع پشین کے نکاسی آب کے نمونہ جات کے جائزے میںپولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف افسوس ناک ہے۔ جبکہ قوم انتہائی تشویش کے ان اضلاع میں بہترین کار کردگی اور نتائج فراہم کرنے کے لئے صحت محافظوں کے عزم و حوصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ صحت کے ضلعی آفیسر مقبول احمد کاکڑ نے کہا کہ ضلع سے پولیو کے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے مہم کو بہتر بنانے کے لیے علما ء کرام ، قبائلی عمائدین اور معتبرین کی مدد لی جارہی ہے ۔

کیونکہ اس موذی وائرس کی وجہ سے ایک بچے کی جان کو خطرات تمام بچوں کی جانوں کو خطرات کے مترادف ہے۔اس لئے مکمل تدارک کے لئے ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنانا ہو گا۔چھوٹے چھوٹے مسائل سے بطریق احسن نمٹتے ہوئے تمام بچوں تک رسائی کو ممکن بنا رہے ہیں۔عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل اسٹاف آفیسر ڈاکٹر محمد یوسف نے کہا کہ بچوں کا پولیو کے حفاظتی قطرے پینے سے محروم رہ جانا ہمارے پروگرام کی راہ میں دور حاظر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

جسکی خاص وجہ نقل مکانی کرنے والے گھرانے ہیں۔جبکہ انہیں ٹرانزٹ پوائنٹس پر حفاظتی قطرے پلا دیئے جاتے ہیں۔یونیسف کے سی بی وی منیجر حاجی محمد عمران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2014سے اب تک پولیو کیسز کی تعداد میں 98 فیصد تک کمی لانا انہی تربیت یافتہ صحت محافظین کے محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔اور انکی لازوال جدوجہد کے قابل رشک ثمرات مرتب ہوئے ہیں۔ضلع کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی پولیوسے محفوظ پاکستان کے لئے کوشاںصحت محافظ آپکے دروازے پر آئیںتو انہیں ہر بار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنانے میں بھر پور تعاون فراہم کریں۔تقریب کے آخر میں بہترین کارکردگی کے حامل ورکرزاور آفیسرز کواسناد اور شیلڈسے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں