ًسلیکٹڈ حکومتیں عوام کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کے پاس اختیار ہے ، عبدالرحیم زیارتوال

پیر 30 ستمبر 2019 23:25

!بوستان/پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2019ء) سلیکٹڈ حکومتیں عوام کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کے پاس اختیار ہے ،گلوخلاصی کا راستہ صرف حقیقی جمہوریت ہے سلیکٹڈ حکومتیں اور سول مارشل لاء نہیں، دہشت گردی کے واقعات میںسیاسی رہنمائوں اور فورسز پر حملے حکومت اور ان کے اداروں کی ناکامی ثابت کرتی ہے، پارٹی کے عہدیدار اور کارکن 7اکتوبر پشین کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، مرکزی کمیٹی کے اراکین سید لیاقت آغا، حاجی عبدالحق نے بوستان ، مغٹیان پوٹی ناصران اور نالی یاسین زئی کے علاقائی کمیٹیوں اور پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سردار مصطفی خان ترین ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان ، علی محمد کلیوال نے شار اول ، بازار کونہ کے علاقائی کمیٹیوں اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان ‘ محمد اعظم خان ‘ سابق ڈسٹرکٹ ممبر حاجی روزالدین ‘ عبدالرحمان ترین ‘محمد ہاشم خان ، کلیم اللہ اور عبداللہ جان پہلوان نے منزکئی علاقائی کمیٹی اور ڈب علاقائی کمیٹی کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان تمام اجلاسوں میں جلسہ عام کی تیاری سمیت مختلف امور پر فیصلے کیئے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک قوموں کی رضامندی پر مبنی ایک فیڈریشن ہے اور اس کے چلانے کی واحد راہ ملک کی واحد دستاویز آئین ہے اور اس آئین سے بالاتر ملک میں کوئی بھی نہیں بلکہ اس آئین کی پابندی ہر ادارے کو لازماً کرنی ہوگی۔جبکہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا وجود اس آئین کے مطابق نہیں بلکہ زر اور زور و دھاندلی کے ذریعے ان حکومتوں کو مسلط کیا گیا ہے ۔

لہٰذا ان حکومتوں کا خاتمہ ملک کے تمام سیاسی وجمہوری قوتوں کا برحق مطالبہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دوسری طرف موجودہ حکومتیں مکمل طور پر ناکامی سے دوچار ہیں اس کی کوئی خارجہ پالیسی ہی نہیں ،معاشی طورپر ملک کو دیوالیہ کردیا گیا اور بدترین مہنگائی کو عوام پر مسلط کرکے غریب عوام کے ہاتھ سے روٹی تک چھین لی گئی ہے دہشتگردی ، لاقانونیت اور بدامنی کے واقعات تسلسل کے ساتھ ہورہے ہیں چمن میں بم دھماکہ گزشتہ روز کوئٹہ میں پولیس پر حملہ کے بعد لورالائی میں بم دھماکہ اور پولیس فورس پر حملہ حالات کی سنگینی واضح کررہی ہیں کہ حکومت اور ان کے ادارے عوام اور اپنے فورسز کے سرومال کا تحفظ تک نہیں کرسکتے اور ان حکومتوں کی اختیارات سے محرومی کی صورتحال مارشلائی حکومتوں سے بھی بدتر ہے ۔

ایسے سنگین حالات میں ملک کی تمام سیاسی جمہوری وطن دوست قوتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان سلیکٹڈ اور مسلط حکومتوں کے خلاف بھرپور آواز ٹھائیں اور ان سے نجات پاتے ہوئے ملک میں حقیقی شفاف انتخابات ، حقیقی جمہوریت ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، آئین وقانون کی حکمرانی اور قوموں کی برابری کے حصول کی جدوجہد کو مزید تیز کردیںاور صرف یہی راستہ ملک کے بقاء اور ترقی کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے 7اکتوبر کے جلسہ عام میں پارٹی کارکنوں اور عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے تیاریوں کو مزید تیز کریں اور اپنی مہم کو توسیع دیکر تنظیمی نظم وضبط کے ساتھ اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کریں ۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں