پولیو خاتمہ کیلئے شعورو آگاہی میں صحافیوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے،ڈپٹی کمشنر پشین

صحافی حضرات عوام کو اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکاجات اور انسداد پولیو ویکسین دینے کی اہمیت اورافادیت سے آگاہ کریں،قائم لاشاری

جمعہ 13 دسمبر 2019 15:28

پولیو خاتمہ کیلئے شعورو آگاہی میں صحافیوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے،ڈپٹی کمشنر پشین
پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے کہا ہے کہ معاشرہ میں پولیو کے خاتمہ کے لئے شعورو آگاہی میں صحافیوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کو عمر بھرکی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لئے میڈیا اور صحافی حضرات عوام کو اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکاجات اور انسداد پولیو ویکسین دینے کی اہمیت اورافادیت سے آگاہ کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین کے صحافیوں کے لئے آگاہی سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سی بی وی منیجر عمران خان کاکڑ، ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد ابراھیم کاکڑ، ڈاکٹر محمد یوسف، اصغر خان، بخت جمال اور دیگر معاون اداروں کے حکام نے انسداد پولیو کی کاوشوں کے حوالے سے اظہار خیال کیاجبکہ کمیو نیکیشن ماہریں نے پولیو کے خاتمہ میں میڈیا کے کردار پرتفصیلی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشین نے کہا کہ میڈیا ملک کے چار ستون میں سے ایک ہے، ماضی میں بھی میڈیا کا ہمارے ساتھ بھرپور تعاون رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھرسے پولیو کا خاتمہ کیا جاچکاہے تاہم بدقسمتی سے پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں ابھی بھی پولیو وائرس کا خاتمہ ممکن نہ ہوسکا۔ 2018میں پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 12تھی جبکہ 2019میں بدقسمتی سے ان پولیو کیسز کی تعداد اب تک 98ہوگئی ہیں جن میں سے 7 کیسز بلوچستان سے سامنے آئے ہیں ان پولیو کیسز کی سامنے آنے کی بڑی وجہ پولیو سے متعلق غلط توہمات اور ناقص خدشات ہیں۔

جس سے ایک جانب معصوم بچے عمربھرکی معذوری کے خطرے سے دوچار ہیں تو دوسری جانب عالمی برادری میں بدنامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پولیوکے خاتمہ کے لئے قومی ایمرجنسی کا نفاذکرکے وفاقی اورصوبائی سطح پر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پولیو ویکسین ہرلحاظ سے محفوظ اور موثر ہے اور اسی ویکسین کے استعمال سے اسلامی ممالک سمیت دنیا بھر سے پولیو کا کامیابی سے خاتمہ کیا جاچکا ہے یہ امرخوش آئند ہے کہ ہمارے ہاں پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا پشین کے میڈیا کے فعال تعاون سے زائل ہوچکا ہے تاہم ایک صحت مند اورتوانا مستقبل کے لئے ضلع پشین سمیت پاکستان سے پولیو کامکمل خاتمہ ناگزیر ہے جس کے لئے معاشرہ کے تمام طبقات بالخصوص والدین میں شعور و آگاہی میں ذرائع ابلاغ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے انسدادپولیو کی ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر پولیو وائرس کی مکمل بیخ کنی کریں۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں