iپشین بھر جشن یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائی گئی

اتوار 14 اگست 2022 20:20

[!پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2022ء) ضلع پشین بھر میں 75 واں جشن یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائی گئی، مختلف سرکاری اور غیرسرکاری اداروں سمیت سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے مختلف تقاریب، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور آزادی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ملکی سالمیت کے فروغ اور ملک میں آباد قومیتوں کے درمیان اتحاد اور اتفاق و بھائی چارہ پر زور دیا گیا۔

پشین شہر سمیت تحصیل برشور، کاریزات، نانا صاحب، حرمزئی اور سرانان کے مختلف تعلیمی اداروں میں پرچم کشائی کرتے ہوئے تقاریب منعقد ہوئیں۔ یوم آزادی کی سب سے بڑی اور مرکزی تقریب مقامی ریسٹ ہاوس پشین میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی محمدشہی نے رکن آراکین صوبائی اسمبلی حاجی اصغرخان ترین، سید عزیزاللہ آغا، سابق صوبائی وزیر اسفندیاخان کاکڑ، ایس پی عبدالحلیم اچکزئی، فرنٹئیر کور کے کیپٹن عبداللہ اور دیگر سرکاری آفیسران و قبائیلی عمائیدین کے ہمراہ قومی پرچم کشائی کی، جبکہ پشین پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیخ نجیب اللہ، ڈی ایس پی دولت ترین، ڈی ایس پی عبداللہ، ڈسٹرکٹ رکوات چئیرمین سعداللہ کاکڑ اور دیگر سرکاری آفیسران، قبائیلی عمائیدین، آساتذہ کرام اور طلبہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے یوم آزادی حاصل کرنے کے سفر اور جدوجہد میں تحریک آزادی کے قائدین اور مذہبی علما کے خدمات پر مفصل طریقے سے روشنی ڈالی۔

ڈپٹی کمشنر ظفرعلی محمدشہی نے اپنے خطاب میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپنے ملک کے ساتھ مخلص رہنے اور اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار مثبت طور پر ادا کرنے پر زور دیا۔خدادا پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل پر پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم 14 اگست کو وطن عزیزکا 75 واں یوم آزادی روایتی و ملی جوش و جذبے اور آزادی کی تحریک میں شریک اپنے پرکھوں کی عظیم قربانیوں کی یادکو تازہ رکھنے کے عزم کے ساتھ منارہی ہے۔

یہ دن قومی جذبے اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے متحرک کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کا بھی دن ہے تاکہ جو خواب بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا اسے پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن قومی اداروں پر قوم کے اعتماد کو تقویت دینے کے عزم کی بھی تجدید کا دن ہے جس کے ذریعے قوم کے سماجی و اقتصادی ترقی ، ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے کردار کو اجاگر کیا جارہا ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی اصغرخان ترین نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور غیرملک تسلط سے نجات پانے کیلئے برصغیر کے مسلمانوں نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں اورجو بے مثال جدوجہد کی ہے یہ ان کے اسلام اور دو قومی نظریے پر غیر متزلزل ایمان و یقین کا واضح ثبوت ہے ۔

انہی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں با لآخر پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم تحریک پاکستان کی تاریخ پر نظر ڈالتے ہیں تو اس تاریخی جدوجہد میں یہ بات سب سے زیادہ نمایاں طور پرہمیں نظر آتی ہے کہ مسلمان اپنے جداگانہ اسلامی تشخص پر مصر تھے ۔یہی نظریہ پاکستان اور علیحدہ وطن کے قیام کی دلیل تھی ۔ہر قسم کے جابرانہ وغلامانہ نظام سے بغاوت کرکے خالص اسلامی خطوط پر مبنی نظام حیات کی تشکیل ان کا مدعا اور مقصود تھا۔

تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی سید عزیزاللہ آغا، سابق صوبائی وزیر اسفندیاخان کاکڑ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ شہر کے مختلف سکول کے طلبا و طالبات نے تحریک آزادی پاکستان کے حوالے سے تقریریں کیں اور ملی نغمے پیش کئے۔ دریں اثنا جشن آزادی کے حوالے سے پشین شہر میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما حاجی حبیب الرحمان ترین، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر سید جعفر آغا جبکہ یارو میں قبائیلی رہنما ملک حاجی عبدالباری کاکڑ کی قیادت میں جشن آزادی ریلیوں کا انعقاد ہوا، ریلی کے شرکا نے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مختلف مقامات پر جلسوں کی شکل اختیار کرلی، جلسوں سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا واحد ایٹمی قوت ہی. یہ وہ پاکستان ہے جس کے خلاف اسرائیل، انڈیا اور امریکہ نے اتحاد کرلیا ہے لیکن اس وقت تک اللہ کے حکم سے ناکام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست وہ دن ہے جب ہر ایک کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔پا کستان جیسی فوج کسی ملک کے پاس نہی ہے۔پا کستان جیسی عوام کسی ملک کے پاس نہی ہے۔بس چند ایک دشمن ممالک کے ایجنٹ جو پا کستان کے خلاف بکتے ہیں۔جو اپنے آقاوں کو خوش کرنے کے لیے ملک کی سالمیت کے خلاف سازشیں کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو چاہیے کہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہو جائے۔

جس ملک کی فوج نہی ہوتی وہ کبھی کامیاب ہو ہی نہیں سکتا۔ہم سب کو آج پاکستان کی ترقی کے لیے کوشاں رہنا چاہیے اور ذمہ داریاں ادا کرنی چاہیے۔اگر آزادی کی نعمت کو جاننا اور پہچاننا ہے تو فلسطین کی عوام سے پوچھو ،اگر آزادی کی نعمت کوپہچاننا ہے تو مظلوم کشمیریوں سے پوچھو ،غزہ کی عوام سے پوچھو،برما کی عوام سے پوچھو ۔اس لیے آزادی کی قدر کرو اور اپنے ملک۔کی ترقی کے لیے کوشاں ہو جا۔ پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام بھی جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد ہوا۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں