بارش اورسیلابی ریلوں سے پشین میں بچی سمیت3افراد پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے

بدھ 17 اگست 2022 23:10

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2022ء) مون سون کی رواں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے پشین کے مختلف علاقوں میں ایک بچی سمیت تین افراد جان بحق ہوگئے، جبکہ سرانان کے علاقے خدائیدازئی میں ڈیم ٹوٹنے سے قریبی علاقے زیرآب آگئے۔ تفصیلات کے مطابق پشین کے نواح میں واقع افغان مہاجر کیمپ سرخاب میں اونچے درجے کی سیلابی ریلوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سیلابی ریلے میں دو افراد 35 سالہ نجیب اللہ ولد سردار محمد قوم الکوزئی اور احمدشاہ ولد محمدحسین بہہ گئے جن کی لاشیں پشین کے قریب سرخاب کراس سے برآمد ہوئیں جبکہ کلی منزری میں ایک آٹھ سالہ بچی اندینہ کی لاش قریبی ندی سے نکال لی گئی، طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے پشین کے نشیبی علاقوں ملکیار، سرخاب، منزکی اور ڈب خانزئی سمیت برشور، توبہ کاکڑی اور بوستان کے ملحقہ علاقے زیرآب آنے سے درجنوں مکانات منہدم ہوگئے، زرعی اجناس سمیت کھڑی فصلیں، باغات، سولر سسٹم اور بجلی سے چلنے والی ٹیوب ویل شدید متاثر ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

خدائیدادزئی میں واقع ڈیم کا ایک حصہ ٹوٹنے سے ڈیم کے پانی کا ریلا قریبی علاقوں اور قریبی دیہات میں داخل ہوگیا۔ جس سے پورا نشیبی علاقہ زیر آب آگیا، متعدد علاقوں میں سیلابی ریلوں سے تباہی کی اطلاع پاکر ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی محمدشہی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پشین اعجاز سرور اور دیگر انتظامی حکام نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا، شدید طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث علاقے کے کئی مقامات پر درجنوں کچے مکانات منہدم ہوگئے، جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل زرعی فصلیں، باغات، سولر اور بجلی کے ٹیوب ویلز تباہ ہوگئے پانی اور بجلی کا نظام درہم ہوگیا ہے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں