ماہ رمضان کے دوران پولیس اور لیویز فورس کا مختلف علاقوں میں پیٹرولنگ جاری رکھیں گے ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر یاسر خان بازئی

پیر 27 فروری 2023 22:01

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر یاسر خان بازئی کی زیر صدارت آل پارٹیز اور انجمن تاجران کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کی مجموعی صورتحال اور یہاں کے عوام کو مردم شماری میں درپیش مشکلات اور ماہ صیام میں اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی،ان اشیاء کی یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیابی،حکومتی ریلیف کو یقینی بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔

منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)حفیظ اللہ سوری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)اشراف الدین ڈی، ایس، پی دولت خان ترین اور دیگر آفسران شریک ہوئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ماہ رمضان کے دوران پولیس اور لیویز فورس کا مختلف علاقوں میں پیٹرولنگ جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں چوری،ڈکیتی، اور رہزنی کے مختلف وارداتیں ہوتیں ہیں ان سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا جبکہ ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشاں اور زخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اس بابت عوام کو ضلعی انتظامیہ کی معاونت و مدد کرنا ناگزیر ہے۔

ڈاکٹر یاسر بازئی نے کہا کہ ضلع کے عوام کو درپیش مسائل کا حل،تعلیم،صحت سمیت معیاری اشیائے خوردونوش کی فرایمی ان کو ریلیف دینا اور دیگر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں کسی کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کہا کہ ہمیں عوام کی ترقی و خوشحالی عزیز ہے اس ضمن میں منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنا اشد ضرورضروری ہے اس ضمن میں انتظامیہ کے ساتھ عوامی تعاون ناگزیر ہے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں