صوبے بھر میں تعلیم عام کرنے اور تمام بچے اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کرنے کیلئے مارچ کا تمام مہینہ داخلہ مہم کے لئے مقرر کیا جائے ،لطیف کاکڑ

وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سرکاری تعلیمی اداروں کے بجٹ میں اضافہ ، تعلیمی معیار میں ہر بہتری لانے کیلئے بروقت اقدامات کرنا ہونگے،رہنما پشتونخوا میپ

اتوار 12 مارچ 2023 20:55

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2023ء) پشتونخوا میپ اور پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیم عام کرنے اور تمام بچوں اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لئے مارچ کا تمام مہینہ داخلہ مہم کے لئے مقرر کیا جائے اور سکولوں کے کلسٹر سسٹم کے تحت دیہاتوں اور پرائمری سکولوں کی بنیاد پر اساتذہ کو زیادہ سے زیادہ بچوں کو داخل کرنے کی ٹارگٹ دی جائے اور صوبائی حکومت صوبے کے تعلیمی بجٹ میں سب سے زیادہ اضافہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے تمام آفیسروں کے نیٹ ورک کو مستقل بنیادوں پر فعال بناتے ہوئے ان میں میرٹ کے اعلیٰ اصولوں کے مطابق ممتاز ماہرین تعلیم کو تعینات کیا جائے اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے،بہتر بنانے اور اس میں اساتذہ اور طلباو طالبات کی دلچسپی پیدا کرنے کے لئے اعلیٰ تعلیمی ماہرین کی نگرانی میں نصاب کے ازسر نو مرتب کرنے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے کمیشن بناتے ہوئے فوری اقدامات کئے جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ایس او کے زونل آرگنائزر لطیف کاکڑ ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان،ڈپٹی سیکرٹری رحمت اللہ صابر، زونل ڈپٹی آرگنائزرز ڈاکٹر مزمل خان پانیزئی،ملک شعیب خان کدیزئی،سید بایزید آغا، محمددین خلجی، سمیع اللہ کاکڑ، کمسن طلبا و طالبات باتورہ افغان، مہک کبزئی، سید عقیلہ تارن،آریانہ افغان، اولس یار خان، شہزاد خان نے پشتونخوا یس او ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام تعلیمی داخلہ مہم کے جلسے سے ،تختانی بائی پاس پر محکمہ تعلیم اور پارٹی کے زیر اہتمام ریلی سے پارٹی صوبائی صدر ایم پی اے نصر اللہ خان زیرے اور ژوب شہر میں پشتونخوا ایس او کے ڈپٹی آرگنائزر ایمل ساروان، پارٹی کے صوبائی نائب صدر عبدالقیوم ایڈوکیٹ ، ڈپٹی سیکرٹری بایزید خان روشان، مولوی عبداللہ، میروائس خان، شمس افغان، اربیہ خان،خپلواک خان،قلعہ سیف اللہ میں پشتونخوا ایس او کے ڈپٹی آرگنائزر عزیز آرین، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید اکبر کاکڑ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیض اللہ کاکڑ،شمس رودوال، یاسر کلیوال،کمسن طلباو طالبات سمیر افغان، مونا رحیم، یونس خان ، نسائی بازار میں ڈپٹی آرگنائزر عزیز آرین، نوحصار سمنگلی بازار میں علاقائی سیکرٹری ودود خان بازئی،علاقائی ڈپٹی سیکرٹری ملک آصف خان کاسی نے داخلہ مہم کیریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کوئٹہ میں سکولوں کے معصوم بچوں اور بچیوں پر مشتمل پروقار ریلی میٹروپولیٹن کے سبزہ زار سے شروع ہوکر کچہری روڈ ،جناح روڈ، پرنس روڈ،مسجد روڈ ،قندہاری بازار سے ہوتاہوا پریس کلب کے سامنے جلسے میں تبدیل ہوا۔ریلی میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کے ہزاروں بچوں اور بچیوں نے شرکت کی جو ہر بچہ سکول میں، ہر استاد کلاس میں اور ہر گاؤں میں سکول چاہیے کے زبردست نعرہ بازی کی جبکہ تمام بچوں کے ہاتھوں میں پشتونخوا ایس او کی جھنڈیاں ،مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تعلیمی آگاہی مہم کے نعرے درج تھے اور بچوں اور بچیوں کے ریلی کو پارٹی رضاکاروں نے ہر طرف سے گھیرے میں لے رکھا تھا اور اسی طرح جنوبی پشتونخوا کے مختلف شہروں اور قصبوں میں تعلیمی داخلہ مہم کی زبردست ریلیاں منعقد کی گئیں۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالہا سال پہلے ملی اتل ملی شہید عثما ن خان کاکڑ نے تعلیمی داخلہ مہم چلاتے ہوئے اور عوام میں اس کی آگاہی پیدا کرنے کی بنیاد رکھی تھی اور ملی شہید نے ہی ہر بچہ سکول میں، ہر استاد کلاس میں اور ہر گاؤں میں سکول چاہیے کا نعرہ دیا تھا اور پشتونخوا ایس او کے پلیٹ فار م سے ہر سال جنوبی پشتونخوا کے تمام شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں میں بچوں اور بچیوں کے ہزاروں تعداد پر مبنی ریلیوں کا انعقاد کرکے سکولوں میں زیادہ سے زیادہ بچوں اور بچیوں کو داخل کرنے کی مہم کرتے تھے اور پھر اسی نعروں کی محکمہ تعلیم اور یونیسیف نے بھی تائید کی اور اس طرز و طریقے پر داخلہ مہم چلاتے رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے دس سال سے زائد عرصے تک یہ مہم نہیں چلائی جاسکی جس کی وجہ ہمارے اپنے پارٹی کی سیاسی و تنظیمی کوتائیاں تھیں لیکن پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے تاریخی کانگرہ 28،27 دسمبر 2022 کے انعقاد کے بعد پارٹی کے تمام اداروں اور تنظیموں کی فعالیت دوبارہ شروع ہونے کا مثبت ایک نتیجہ یہ ہے کہ آج پھر پشتونخوا ایس او کے پلیٹ فارم سے جنوبی پشتونخوا کے تمام شہروں ،قصبوں اور دیہاتوں میں داخلہ مہم کی تحریک شروع ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفت تعلیم کاحصول بلا تمیز تمام بچوں اور بچیوں کا حق اور ہر حکومت وقت کا آئینی ذمہ داری ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومت نے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کے بجٹ میں سب سے زیادہ اضافہ کرتے ہوئے تعلیم کو عام کرنے ، اس کے معیار میں ہر سطح پر بہتری لانے کے لئے بروقت اقدامات کرنے ہوں گے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں