نومنتخب ممبران میونسپل کارپوریشن اور کونسلرز عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروانے میں کردار ادا کریں،سردار اکبر خان ترین

منگل 21 مارچ 2023 23:30

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2023ء) مئیر میونسپل کارپوریشن پشین سردار اکبر خان ترین نے کہاہے کہ پشین شہر میں بے شمار مسائل حل طلب ہیںنومنتخب ممبران میونسپل کارپوریشن اور کونسلرز عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروانے میں کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن پشین کے نومنتخب کونسلروں اور ممبران کے پہلے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس سے ڈپٹی میئر عبداللہ کاکڑ اور چیف آفیسر منظور احمد مینگل نے بھی خطاب کیا، جبکہ مختلف کونسلروں نے اپنے وارڈوں سے متعلق تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

مئیر میونسپل کارپوریشن سردار اکبر خان ترین نے کہا کہ چار سال بعد بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کردیاگیا ہے، شہر کے عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیلئے بلدیاتی نمائندوں کا فعال کردار ناگزیر ہے، میونسپل کارپوریشن کے کونسلروں کو اپنے عوام کے مسائل کے حل اور ان کی مشکلات کے خاتمے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی ہوگی، تاکہ عوامی مسائل بہتر طریقے سے حل ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موثر بلدیاتی نظام ہی عوام کے بنیادی مسائل کے حل کا ضامن ہے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی افادیت اور اہمیت سے کبھی بھی انکار نہیں کیاجاسکتا۔ بلدیاتی نمائندے اپنے علاقے، شہر، گاؤں اور عوام کے مسائل ان کے حل کا بہتر ادراک رکھتے ہیں۔ بلدیاتی ادارے ہی وہ فورم ہے جس کے ذریعے عوام کو ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام حلقوں میں صفائی کی صورتحال کی بہتری سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت تمام کونسلروں پر مشتمل مختلف کمیٹیاں قائم کی گئی ہے ، تاکہ عوام کے مسئلے مقامی سطح پر حل ہوسکے، اور لوگوں کو بلدیاتی سہولیات میسر آسکیں۔ ڈپٹی میئر عبداللہ کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام صرف پاکستان کی جمہوریت کے لیے ہی اہم نہیں بلکہ دنیا بھر کی تمام جمہوریتوں نے اس کی اہمیت تسلیم کی ہے۔

دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک نے مختلف تجربات کے بعد عوامی مسائل کے حل کے لئے فعال بلدیاتی نظام ترتیب دیا ہے ، جس کے ذریعے عوام اپنی مرضی اور منشا کے مطابق نمایندے منتخب کرتے ہیں اور انھی نمایندوں میں سے چیئرمین کونسلر یا میئر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک آج ہمیں جمہوریت کے استحکام کے جس معراج پر کھڑے نظر آتے ہیں اس میں بنیادی کردار مقامی بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا باقاعدگی سے منعقد ہونے کے ساتھ ساتھ ان اداروں کی فعالیت اور اس پلیٹ فارم سے لوگوں کے مسائل کا مقامی سطح پر فی الفور حل ہونا ہے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں