عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ،سید لیاقت آغا

ڈاکٹرز اور متعلقہ سٹاف مریضوں کی بروقت علاج کو یقینی بنانے کیلئے اپنے صلاحیتوں کو مزید بروئے کار لائیں، رکن بلوچستان اسمبلی

منگل 28 اپریل 2015 21:45

پشین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا اور پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کہا ہے کہ بروقت تمام عوام کو علاج ومعالجہ کی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ڈاکٹرز اور متعلقہ سٹاف مریضوں کی بروقت علاج کو یقینی بنانے کیلئے اپنے صلاحیتوں کو مزید بروئے کار لائیں۔

جبکہ حکومت صحت کے شعبے میں ڈاکٹروں ،متعلقہ سٹاف کے مسائل حل کرنے اور عوام کو علاج کی بہتر وفوری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر قسم کے اقدامات کررہی ہے اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار صحت کے بجٹ میں بھرپور اضافہ کرکے ہسپتالوں کی ہر قسم کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تیار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین کے دورے کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر نصیب اﷲ ترین ، پارٹی کے علاقائی رہنماؤں شاہ ولی خان ،حاجی عصمت اﷲ کمالزئی ، خلیل احمد ، سید اکبر آغا،مصور اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔ انہوں نے او پی ڈی ،ایمرجنسی ، آرتھوپیڈک ،ڈینٹل ، ٹی بی، او ٹی ، سٹور ، لیبارٹری سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور ملٹی پرپرز میڈیکل ٹریننگ سینٹر کے عمارت کی تعمیر کے مقام کاتعین کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبے کی عوامی وجمہوری حکومت نے تعلیم وصحت کو اولین ترجیح قرار دیکر عوامی خزانے سے اس کیلئے خطیر رقم مختص کی ہے کیونکہ تعلیم یافتہ وصحت مند معاشرہ ہی کے ذریعے ترقی ممکن ہے اب محکمہ صحت ان کے متعلقہ انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کے ان مثبت اقدامات سے استعفادہ کرتے ہوئے عوام کے علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

اور علاقے میں ہر قسم کے مہلک امراض کے خاتمے کیلئے مل کر کوششیں تیز کرے ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا نے ہسپتال کی ضروری مرمت کیلئے 30لاکھ فنڈز کی فراہمی اور آئندہ سال کیلئے سول ہسپتال کی ضروریات کے مطابق فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیااور کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ہر قسم کی ضروریات پوری کرتے ہوئے ہر شعبے میں معیاری اور بروقت کام کی تکمیل ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں