عوام کو درپیش مسائل سے نجات کیلئے جدوجہد ضروری ہے سردار مصطفی خان ترین

ْصوبائی حکومت نے ہر شعبہ زندگی میں ترقیاتی کاموں کا جھال بچھا رکھا ہے، صوبائی وزیر بلدیات

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:13

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری وصوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری میئر سید شراف آغا ، مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالحق خان نے کہا ہے کہ پشتونخوا وطن کے عوام کو درپیش مسائل سے نجات مسلسل جدوجہد میں ہے پشتونخوامیپ نے لازوال جدوجہد کے ذریعے اپنے عوام کو ہر قسم کے مشکلات سے گلو خلاصی دینے کا تہیہ کر رکھا ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

وہ کلی سیمزئی میں عوامی جرگے سے خطاب کررہے تھے۔ جس سے ضلعی معاون سیکرٹری امیر افغان ، سلیمان خان ترین، سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ خان ترین ایڈووکیٹ اور بشیر احمد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سینئر قانون دان امان اللہ خان ترین ایڈووکیٹ نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طویل پسماندگی ،غربت ،جہالت اور مسافرانہ زندگی نے ہمارے عوام پر بدترین اثرات مرتب کیئے ہیں بدترین بیروزگاری مہنگائی ،زراعت کی بربادی اور ملک میں پستون عوام کے ساتھ تیسرے درجے کے شہری کے سلوک نے ہمارے عوام کو مایوسی کے آخری مقام تک پہنچا دیا ہے اور ایسے حالات میں جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔

کیونکہ مایوسی سے کچھ حاصل نہیں ہوتا بلکہ غیور عوام نے متحدہ ومنظم ہوکر جرات کے ساتھ قومی نجات کی جدوجہد کا ساتھ دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ خان شہیدعبدالصمد خان اچکزئی نے جس فکر کی بنیاد پر جدوجہد شروع کی تھی وہ حقیقت بن کر وقت اور حالات پر مہر تصدیق بن کر ابھری ہے اور خا ن شہید کا وژن ہی ہمیں تمام مسائل سے نجات دے سکتی ہے ۔ صوبائی وزیر سردار مصطفی خان ترین نے اس موقع پر عوام کے مسائل سننے کے بعد کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے ہر شعبہ زندگی میں ترقیاتی کاموں کا جھال بچھا رکھا ہے علاقے میں بڑے بڑے شاہراہوں کی تعمیر ، زراعت وبجلی کی سہولیات کی فراہمی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، پرائمری مڈل اور ہائی سکولوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن ، ہسپتالوں کی فعالیت ، طلباء کو سکالر شپ دینے غریب مریضوں میں علاج ومعالجے کیلئے فنڈز دینے اور سپورٹس کلبوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور اسی طرح ہر شعبے میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیئے جارہے ہیں۔

اور اب عوام نے جس مسائل کی نشاندہی کی ہے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کیئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے عوامی نمائندوں کے ترقیاتی کام ہر جگہ نظر آرہے ہیں ۔ مقررین نے 2دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی کے موقع پر تاریخی جلسہ عام میں لوگوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی کارکنوں کو کامیاب جلسے کے انعقاد پر داد وتحسین پیش کی ۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں