آٹھ پاکستانیوں کی لاشیں گلستان پہنچادی گئیں

جمعہ 5 فروری 2010 12:57

گلستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔05فروری۔2010ء) پاک افغان سرحدی علاقے غوژمیں افغان فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے آٹھ پاکستانی قبائلیوں کی لاشیں پاک افغان چمن بارڈر کے راستے کلے سعید محمد پہنچادی گئیں ہیں،نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ اداکی جائے گی۔پاک افغان سرحد کے قریب پاکستانی علاقے گلستان سے شموزئی قبیلے کے آٹھ افراد لکڑیاں کاٹنے سرحدی علاقے غوژ گئے تھے،جہاں افغان سیکورٹی اہلکاروں نے قبائلیوں کو گھیرے میں لے کر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والوں کے نام، محبوب خان، محمد صادق ،محمد خان،سپن گل،عبدالقیوم ، پایو دین،عبدالعلی اور عبدالمنان ہیں۔ افغان سیکورٹی فورسز کے کمانڈر نے فائرنگ کے مرتکب افغان پولیس افسر کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔پاکستانی حکام کے مطابق یہ واقعہ پاکستانی حدود میں پیش نہیں آیاجبکہ قبائلی عمائدین کا موقف ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز نے پاکستانی حدود میں گھس کر فائرنگ کی۔دوسری جانب افغان سیکورٹی فورسز کے کمانڈر عبدالزارق نے غوژ میں پاکستانی قبائیلیوں پر فائرنگ کے الزام میں پولیس افسر عوض محمد کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ افغان کمانڈر کا کہنا ہے کہ پاکستانی قبائلی لکڑیاں کاٹنے آئے تھے اور غلط فہمی کی بنیاد پر فائرنگ کے زد میں آگئے۔

متعلقہ عنوان :

قلعہ عبد اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں