بلوچستان،شوہر نے تین بیٹیاں پیدا کرنے پر بیوی کو وحشیانہ تشدد کر کے قتل کر دیا

مقتولہ کی شادی کو 8 سال ہوئے،تیسری بیٹی کی پیدائش ایک ماہ قبل ہوئی،پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بدترین تشدد کا انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 20 جون 2020 14:47

بلوچستان،شوہر نے تین بیٹیاں پیدا کرنے پر بیوی کو وحشیانہ تشدد کر کے قتل کر دیا
قلعہ عبداللہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جون 2020ء) بلوچستان میں تین بیٹیاں پیدا کرنے پر شوہر نے بیوی پر وحشیانہ تشدد کر کے قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے توبہ اچکزئی میں گزشتہ روز شوہر نے تشدد کر اپنی بیوی کو قتل کر دیا تھا جس کے خلاف لڑکی کے والد نے مقدمہ درج کروایا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کے والد نے بتایا ہے کہ 18 جون کو صبح انہیں فون کرکے بتایا گیا کہ ان کی بیٹی نے خودکشی کی ہے اور لاش پشین کے علاقے میں ہے، آ کر لے جائیں۔

لڑکی کے والد عبدالرزاق نے بتایا کہ وہ لاش لینے کے لئے گیا تو لاش کا معائنہ کرنے کے بعد انھوں نے دیکھا کہ بیٹی کو وحشیانہ تشدد کر کے مارا گیا ہے۔عبدالرزاق کے مطابق ان کی بیٹی کو اس کے شوہر سردار محمد نے تشدد کرکے کے قتل کیا اور بعد میں اسے خودکشی کا رنگ دیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مارا لیکن ملزمان میں سے کوئی بھی گھر میں موجود نہیں تھا جس وجہ سے گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

لڑکی کے والد نے بتایا کہ میری بیٹی کی شادی کو آٹھ سال ہوئے ہیں اور اس کی تین بچیاں ہیں جن میں سب سے چھوٹی ایک ماہ قبل پیدا ہوئی ہے۔رمضان المبارک میں جب وہ گھر آئی تو بتایا کہ اس کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے اور بیٹیاں پیدا ہونے پر طعنے دیے جاتے ہیں۔جس پر داماد کو بلا کر پوچھا تو اس نے یقین دہانی کرائی کہ دوبارہ ایسا نہیں ہوگا۔مزید بتایا گیا ہے کہ لڑکی کے چہرے کے زخموں سے لگتا ہے کہ اس نے مزاحمت کی تھی لیکن شاید مخالف زیادہ طاقتور تھا۔لڑکی کو بے دردی سے مارا گیا اور اس کے جسم پر تشدد کے کئی نشانات موجود ہیں۔لڑکی کے چہرے پر ناخن کے نشانات بھی تھے اور ایسا لگتا ہے کہ اسے لکڑی سے بھی مارا گیا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی موت تشدد کی وجہ سے ہوئی۔

قلعہ عبد اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں