پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع قلعہ عبداللہ خان چمن کی بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کی مذمت

منگل 4 فروری 2020 23:28

قلعہ عبداللہ خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2020ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع قلعہ عبداللہ خان چمن کے ضلعی دفتر کے جاری کردہ بیان میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ مختلف، علاقوں میں بجلی کے فراہمی کے سلسلے کو اب تک بحال نہ کرنے اور کیسکو کے عملے کی غفلت ، نااہلی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے ضلع قلعہ عبداللہ بالخصوص چمن میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث چمن شہر تاریکی میں ڈوب گیا ہے پورے تحصیل چمن میں بجلی کا کوئی نام ونشان نہیں ،مختلف فیڈرز نئی آبادی ،سوئی کاریز، کلی باز ، محمود آباد، روغانی ، گلدارہ باغیچہ کے 90فیصد علاقوں میں بجلی مکمل طور پر غائب ہے ۔

بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ دنوں کی برفباری وبارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی تاریں اور کھمبے گرچکے لیکن اور اب تک نہ اہی تاروں کی مرمت کی گئی اور نہ ہی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پارٹی کے وفود نے کہیں بار کیسکو کے ضلعی آفیسران وانتظامیہ سے ملاقات کرکے انہیں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے گرنے سے آگاہ اور نشاہدہی کرائی لیکن آفیسران عملے کے کم ہونے اور وسائل نہ ہونے کا رونا رو رہے ہیں ۔

چمن شہر میں کہیں بھی بجلی کی معمولی خرابی ہونے پر بھی کیسکو کے عملہ کا کوئی بھی فرد اس کی مرمت کیلئے نہیں آتا شہری مجبوراً اپنی مدد آپ کے تحت الیکٹریکل کاریگروں ، دکانداروں کے ذریعے ان کی مرمت کررہے ہیں حالیہ دنوں میں بھی ایک کاریگر مرمت کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ امر انتہائی قابل مذمت ہے کہ کیسکو کے ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ وہ خود پرائیویٹ لوگوں سے کام لے رہے ہیں شہری بھی ہمارے پاس آنے سے بہتر ہیں کہ نجی کاریگروں دکانداروں کی طرف رخ کریں اور بجلی کی تاروں ، کھمبوں کی تنصیب ، ٹرانسفارمر وددیگر خرابی کے دوران کیسکوچمن کے دفتر وآفیسران کو تنگ نہ کریں۔

کیسکو کے اعلیٰ حکام کو چمن کے آفیسران کے ان بیانات کو فی الفور نوٹس لینا چاہیے اگر واقعتاً وسائل اور عملے کی کمی ہے تو فی الفور اس کمی کو دور کرکے عملے کی نفری میں اضافہ اور مزید وسائل فراہم کیئے جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ پرائیویٹ طور پر بجلی کے کام کررہے ہیں کیسکو ان ہی افراد کو قانونی طو رپر اپنے عملے کا حصہ بناکر ان کیلئے باقاعدہ طور پر یا روزگار فراہم کرے یا معاوضے کا اعلان کرے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں ان کے مالی مدد ومعاونت کیلئے اقدام اٹھائیں کیونکہ یہ معمولی سی کمائی کیلئے بھی اپنی جان کی بازی لگاتے ہیں جبکہ کیسکو کے آفیسران وملازمین بھاری تنخواہوں اور مراعات کے باوجود عوام کی خدمت سے قاصر اور غیر حاضر رہتے ہیں۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کیسکو کے اعلیٰ حکام فی الفور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ، بجلی کے تاروں وکھمبوں کی تنصیب و بجلی کی فراہمی ، چمن کے دفتر میں وسائل اور عملے کی نفری میں اضافہ کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔

متعلقہ عنوان :

قلعہ عبد اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں