محب وطن ، غیورعوام عمران خان سے یکجہتی اور ملکی خودداری وخودمختاری کی خاطر نکل کھڑے ہوئے ہیں،میجر اسرارالحق

انشاء اللہ عوام آئندہ انتخابات میں عمران خان کو دوتہائی اکثریت کیساتھ کامیاب کروائینگے ، میڈیا سے گفتگو

پیر 18 اپریل 2022 17:50

قلعہ احمد آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2022ء) امیدوار ضلعی چیئرمین اورپاکستان تحریک انصاف کے رہنما میجر(ر) اسرارالحق نے اپنے ڈیرے پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ عمران خان جیسے غیرت مند لیڈر کے پیچھے کھڑے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر پورے ملک میں کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔

عوام اپنے قائد عمران خان کے ساتھ یکجہتی کیلئے اپنے لئے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکی غلامی قبول نہ کرنے کی پاداش میں عمران خان کی حکومت کو ختم کیا گیاہے لیکن اس وقت پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف کھڑی ہے۔ کارکن اور محب وطن ، غیورعوام عمران خان سے یکجہتی اور ملک کی خودداری اور خودمختاری کی خاطر نکل کھڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ اور قوم کبھی بھی غداروں اور ضمیرفروشوں کو معاف نہیں کریگی۔عوام نے امریکی غلامی کو قبول کرنے سے انکار پر سابق وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کیساتھ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا ہے کیونکہ اس وقت پوری قوم کو ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ عوام آئندہ انتخابات میں عمران خان کو دوتہائی اکثریت کیساتھ کامیاب کروائے گی جس کے بعد سازشی عناصر اور امریکی مفادات کا تحفظ کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائیگی۔

قلعہ عبد اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں